کیرالہ کے ایرناکولم میں کنونشن سینٹر میں بم دھماکوں کے بعد یوپی میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یوپی اے ٹی ایس اور تمام اضلاع کی پولیس کو اضافی چوکسی اختیار کرنے اور مشتبہ افراد کی شناخت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نیز اسرائیل فلسطین سے متعلق ہر احتجاج پر کڑی نظر رکھنے کو کہا گیا ہے۔
اسپیشل ڈی جی لاء اینڈ آرڈر پرشانت کمار نے کہا کہ اسرائیل اور حماس جنگ کے پیش نظر پہلے بھی الرٹ دیا گیا تھا۔ کیرالہ میں حالیہ واقعہ کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ احتیاط کے طور پر اسرائیل اور فلسطین کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ وہاں موجود لوگوں کے ساتھ ساتھ ورچوئل طور پر شامل ہونے والوں کے بارے میں بھی مکمل معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ یوپی پولیس کیرالہ پولیس اور دیگر مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ریاست میں کیرالہ کی بنیاد پرست تنظیموں سے وابستہ لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ریاست میں پی ایف آئی، سی ایف آئی، وحدت اسلامی وغیرہ جیسی تنظیموں سے وابستہ تمام مشکوک لوگ تحقیقاتی ایجنسیوں کے نشانے پر ہیں۔ حال ہی میں این آئی اے نے لکھنؤ، بھدوہی، سنت کبیر نگر، بلیا سمیت سات اضلاع میں ان تنظیموں سے وابستہ لوگوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔ اس سلسلے میں خفیہ معلومات یوپی اے ٹی ایس کے ساتھ بھی شیئر کی گئی ہیں۔