شیخ الجامعہ کے دستِ مبارک سے شعبۂ اردو کے سالنامہ ’ارمغان- 14‘ کا اجرا عمل میں آیا
نئی دہلی (۱۳؍ اگست): شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے دستِ مبارک سے جامعہ کے ’یاسر عرفات ہال‘ میں شعبۂ اردو کے سالانہ مجلہ ’ارمغان‘ کے چودہویں شمارے کا اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی اور ڈین فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسر اقتدار محمد خاں بھی موجود تھے۔ مجلہ ’ارمغان‘ کا امتیاز یہ ہے کہ اس کا ہر شمارہ کسی ایک خصوصی مرکزی موضوع پر مشتمل ہوتا ہے۔ تازہ شمارے کا مرکزی عنوان ہے ’’ترقی پسندی، جدیدیت، مابعد جدیدیت (تصور، تجزیہ، تخلیق)‘‘۔ اس شمارے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ پہلی مرتبہ جامعہ پریس، جامعہ ملیہ اسلامیہ سے شائع ہوا ہے۔ اس حوالے سے وائس چانسلر نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس شاندار علمی و ادبی مجلّے کی اشاعت پر تہنیت پیش کی۔ اس شمارے کے سرپرست وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف، مدیرِ اعلیٰ کوثر مظہری اور مدیر پروفیسر عمران احمد عندلیب ہیں۔ واضح رہے کہ یہ ایک سالانہ ریسرچ اور ریفریڈ جرنل ہے، جس میں باضابطہ ممتاز ادیبوں پر مشتمل مجلسِ مشاورت، مجلسِ ادارت اور مجلسِ مراجعین کی بھی تشکیل کی گئی ہے، جو باقاعدہ جامعہ انتظامیہ سے منظورشدہ ہیں۔ اس شمارے کو تین ذیلی حصوں میں منقسم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں ترقی پسندی، جدیدیت اور مابعد جدیدیت کے حوالے سے آلِ احمد سرور، محمد حسن، گوپی چند نارنگ، باقر مہدی، شمیم حنفی، عتیق اللہ اور لطف الرحمن وغیرہ جیسے ممتاز ناقدین کے نظری مقالات شامل ہیں۔ دوسرے حصے میں منتخب افسانوں اور نظموں کے تجزیے بھی نہایت وقیع ہیں۔ تیسرے حصے میں منتخب افسانے اور نظموں کے متون بھی شائع کیے گئے ہیں۔ افسانوں میں رشید جہاں، خواجہ احمد عباس، سریندر پرکاش، نیر مسعود، قمر احسن، عبدالصمد، سلام بن رزاق، ذکیہ مشہدی، غضنفر، سید محمد اشرف اور خالد جاوید کا ایک ایک افسانہ منتخب کیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ 45 نئے اور پرانے شعرا کی نظمیں بھی شاملِ اشاعت ہیں۔ اس حوالے سے یہ شمارہ دستاویزی حیثیت کا حامل ہے۔
تقریبِ رسمِ اجرا کے اس یادگار موقع پر صدرِ شعبہ پروفیسر کوثر مظہری کے علاوہ شعبۂ اردو کے اساتذہ پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرورالہدیٰ، پروفیسر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر محمد مقیم اور ڈاکٹر جاوید حسن موجود تھے۔

