نئی دہلی، (نامہ نگار): حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق ممبر، انٹرنیشنل ایکویٹیبل ہیومن رائٹس کونسل کے نیشنل پریزیڈنٹ اور پسماندہ مسلم سماج اتھان سمیتی سنگھ کے قومی سرپرستِ اعلیٰ و معروف و مشہور سماجی رہنما اور سینئر انسانی حقوق کارکن محمد عرفان احمد صاحب نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے لا محدود سماجی، سیاسی اور معاشی پیغامات پر آج بھی انسانیت کو مضبوطی سے کار بند رہنے کی ضرورت ہے، دراصل ہمارا اپنے آقا و مولا ﷺ سے عشق و احترام ناقابلِ شکست اور اٹل ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی کوشش کرتا ہے تو ہمیں بھارتی دستور اور عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے انصاف کی جدوجہد کرنی چاہیے، البتہ ہمارا اپنی معزز عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے، لہٰذا نبی کریم ﷺ سے حقیقی محبت صرف زبان کے دعووں میں نہیں بلکہ انکے بتائے ہوئے راستے پر چلنے اور انکی تعلیمات کو زندگی میں اپنانے میں ہے۔ عرفان احمد ج نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نبی کریم ﷺ کے احترام کا عملی ثبوت انکی تعلیمات یعنی امن، برابری، رواداری، عدل، تعلیم، ترقی اور رحمت کو اختیار کرکے دیں، یہی سب سے بڑا خراجِ عقیدت اور سچا اظہارِ محبت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پراتر کر پرتشدد احتجاج کرنا نہ صرف اسلام کی اصل تعلیمات کے منافی ہے بلکہ ملک کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر بھی بوجھ ڈالتا ہے، تاہم ایک سچے مسلمان کو یہ بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ ان دنوں ملک بھر میں ہندو برادری کے اہم تہوار جیسے درگا پوجا، شاردا نوراتری اور دسہرہ منائے جا رہے ہیں، البتہ ایسے بابرکت مواقع پر سڑکوں پرمظاہرے کرنا مسلم سماج کی طرف سے نامناسب پیغام دے گا اور بھائی چارے کی فضا کو نقصان پہنچاسکتا ہے۔
آخر میں الحاج عرفان احمد نے کہا کہ میرا مسلم سماج سمیت تمام مذاہب کے ماننے والوں سے مؤدبانہ اپیل ہے کہ وہ اعلیٰ ترین سماجی کردار اور باہمی رواداری کو قائم رکھیں، لہذا ہمارا عہد ہونا چاہیے کہ ہم اپنے وطن کی سماجی بنیاد کو محفوظ رکھیں، امن و آشتی کو فروغ دیں اور اپنے پیارے نبی کریم ﷺ کے دائمی پیغامِ محبت، امن اور انسانیت کو دنیا تک پہنچائیں۔
previous post
Related posts
Click to comment