National قومی خبریں

جامعۃ المومنات الاسلامیہ میں دسواں انعامی مسابقۂ حفظ قرآن کریم منعقد

جامعۃ المومنات الاسلامیہ میں دسواں انعامی مسابقۂ حفظ قرآن کریم منعقد
خواتین کی قرآنی تعلیم و تربیت دراصل ایک پوری نسل کی دینی تربیت ہے:نجیب الحسن ندوی

لکھنؤ، 10نومبر(پریس ریلیز): جامعۃ المومنات الاسلامیہ دوبگا، لکھنؤ میں جناب حافظ جمیل احمد صاحبؒ کی یاد میں دسویں انعامی مسابقۂ حفظ قرآن کریم مع التجوید برائے طالبات مدارس نسواں کا انعقاد عمل میں آیا۔ مسابقہ دو زمروں، زمرۂ علیا (سات پارے) اور زمرۂ سفلیٰ (پانچ پارے) پر مشتمل تھا، جس میں طالبات نے اپنی قرآنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
مسابقے کے نتائج کے مطابق زمرۂ علیا میں اول اُمامہ فیصل بنت فیصل احمد، دوم فائزہ بانو بنت جنید احمد، سوم فاطمہ پروین بنت عبدالرحمٰن اور عالیہ ناز بنت محمد سلیم رہیں۔ زمرۂ سفلیٰ میں اول ثنا پروین بنت محمد اسلم، دوم ام حبیبہ بنت تمہید اور سوم عاتقہ خاتون بنت محمدفاروق نے کامیابی حاصل کی، جبکہ ثمرہ بنت سلیم احمد کو خصوصی انعام سے نوازا گیا۔
انعامی تقریب مولانا نجیب الحسن ندوی ناظم مدرسۃ الحرم، رحمٰن کھیڑا کی صدارت اور مولانا نوشاد کی نظامت میں منعقد ہوئی۔ قاری حافظ خورشید عالم نے خطبۂ استقبالیہ اور افتتاحی کلمات پیش کیے۔
حکم کی ذمہ داری قاری اسماعیل ، قاری عطاء الرحمٰن ندوی اور قاری تقی احمد ندوی نیادا کی۔اپنے صدارتی خطاب میں مولانا نجیب الحسن ندوی نے کہا کہ قرآن کریم کا حفظ اور اس کی درست قراء ت و تجوید امت کی اہم دینی ذمہ داری ہے۔ طالبات کو قرآن سے مضبوط تعلق کے ساتھ اس کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے اور آئندہ نسلوں تک پہنچانے کیلئے تیار کرنا ضروری ہے۔قاری خورشید عالم نے کہا کہ اس طرح کے مسابقات طالبات میں قرآن کریم سے شغف، تجوید کی پابندی اور حفظ کے ذوق کو پروان چڑھاتے ہیں۔
پروگرام آرگنائزر عزیر عالم ندوی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ایک مرد اگر ایک فرد کی تربیت کرتا ہے تو عورت پوری نسل کی تربیت کا ذریعہ بنتی ہے؛ اس لیے طالبات کوصحیح قرا ٔت، تجوید، فہم و عمل اور دعوتِ قرآن کے جذبے سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے۔
کامیاب طالبات کو نقد انعامات، تحائف، کتابیں، اسناد اور تفاسیر پیش کی گئیں، جبکہ مسابقے میں شریک تمام طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے تشجیعی انعامات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں قاری حافظ خورشید عالم، عزیر عالم ندوی، جنید عالم، مسعود عالم، محمود عالم اور جامعۃ المومنات کے شعبۂ حفظ کے ذمہ داران نے تعاون کیا۔ اختتام مولانا نجیب الحسن ندوی کی دعا پر ہوا۔

Related posts

غیر افسانوی اردو ادب پر ادبی نشست، مثنوی ’’مت چُوکو چوہان‘‘ کا اجرا

Paigam Madre Watan

मनीषा हमारे परिवार की बेटी है, जल्द मिलेगा न्याय: नायब सिंह सैनी

Paigam Madre Watan

اساتذہ کے بغیر معیاری تعلیم ممکن نہیں: ڈاکٹر عمار رضوی

Paigam Madre Watan