دو یونیورسٹی میں یومِ آزاد یادگاری خطبہ میں گورنر بہار لفٹننٹ جنرل سید عطا حسنین کا خطاب
حیدرآباد، 11نومبر (پریس نوٹ) مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت آج بھی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جن کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہندوستانی مسلمان آج بھی ترقی کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر بہار لفٹننٹ جنرل سید عطاءحسنین (ریٹائرڈ) نے کیا۔ وہ آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یومِ آزاد تقاریب کے ضمن میں منعقد ہونے والے مرکزی پروگرام میں یادگاری خطبہ دے رہے تھے۔
فوج میں جنرل کے طور پر خدمات انجام دینے والے گورنر بہار نے کہا کہ ہندوستانی فوج میں مسلمانوں کی خدمات نمایاں ہیں۔ ان کے مطابق سری لنکا کی جنگ میں حصہ لینے کے دوران وہ خود بھی اپنے فوجیوں کے ہمراہ جئے وشنو کا نعرہ بلند کرتے تھے جو کہ ان کے سپاہیوں کے جذبہ کو بلند کرتا تھا۔ کیوں کہ سپاہیوں کا جو مذہب ہوتا ہے، وہی کمانڈر کا بھی مذہب ہوتا ہے۔ انہوں نے ایک ایسے غیر مسلم کمانڈر کی بھی مثال دی جس کی ماتحتی میں کارگزار سبھی فوجی مسلم تھے جن کے حوصلوں کو بلند رکھنے کے لیے وہ غیر مسلم کمانڈر خود بھی نمازوں کا اہتمام کرتا تھا اور روزے بھی رکھتا تھا۔ گورنر بہار لفٹننٹ جنرل سید عطاءحسنین کے مطابق ہندوستانی فوج ملک کا سب سے بڑا سیکولر ادارہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیں۔ ان کے مطابق ایک دوسرے کا تعاون وہ بہترین صلاحیت ہے جو قیادت کو فروغ دیتی ہے اور بہترین قیادت کے بغیر جنگوں کو جیتا بھی نہیں جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو دورِ حاضر کے چیلنجس کا سامنا کرنے کے لیے تاریخ کا از سرنو مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر بہار نے مزید کہا کہ ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے حولدار عبدالحمید ہی نہیں بلکہ لفٹننٹ حنیف الدین جیسے بہادروں نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ لیکن دورِ حاضر میں بہت کم لوگ ان بہادر جیالے مسلمانوں کی قربانیوں سے واقف ہیں۔ لفٹننٹ جنرل سید عطا حسنین نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی ہمہ جہت ترقی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ قومیت کے جذبہ سے سرشار مانو کے طلبہ سے مخاطب کرتے ہوئے انہیں بے انتہاءمسرت ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا آز اد نیشنل اردو یونیورسٹی کے فارغین جہاں زندگی کے مختلف شعبہ ¿ حیات میں کامیابی کا پرچم بلند کر رہے ہیں وہیں ہندوستانی فوج میں بھی وہ کارہائے نمایاں انجام دیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشیل انٹیلی جنس کی دوڑ میں نہ پڑیں بلکہ سوشیل سائنسس پر بھی توجہ مرکوز کریں۔ ان کے مطابق سوشیل سائنسس آج بھی طلبہ کو ہر طرح کے چیلنجس سے نمٹنے کے قابل بناتی ہے۔
قبل ازیں مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ یومِ آزاد یادگاری خطبہ کی تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ اپنے خطبۂ استقبالیہ میں وائس چانسلر نے کہا کہ اردو یونیورسٹی نے گذشتہ 28 برسوں میں خاص طور پر ہندوستانی سماج کے اس طبقہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے کام کیا ہے، جو صرف اردو سے ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق اردو یونیورسٹی کے قیام کا ایک اور اہم مقصد خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں سماج کے اصل دھارے میں شامل کرنا ہے ۔ پروفیسر سید عین الحسن نے گورنر بہار لفٹننٹ جنرل سید عطا حسنین کی اردو یونیورسٹی میں آمد کو فالِ نیک قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آپ جناب کی سرپرستی میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، بہار کے سیمآنچل علاقے میں بھی اپنے تعلیمی نیٹ ورک کو وسعت دے سکے گی۔
یومِ آزاد یادگاری خطبہ کی آج کی اس تقریب میں مہمانِ اعزازی کے طور پر چانکیہ نیشنل لاءیونیورسٹی، پٹنہ کے وائس چانسلر پروفیسر فیضان مصطفی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد قومی یکجہتی اور بین مذہبی بھائی چارہ کے بہت بڑے علمبردار تھے۔انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد اور مسلمانوں کی قیادت نے دو قومی نظریہ کو مسترد کردیا تھا۔کیوں کہ ہندو اور مسلمان ایک قوم تھے اور ملک کی تقسیم ایک تاریخی غلطی تھی۔
پروفیسر اشتیاق احمد،ر جسٹرار نے اس پروگرام کے آخر میں شکریہ کے فرائض انجام دیئے اور کہا کہ اردو یونیورسٹی شمولیاتی پالیسی، پچھڑے طبقات اور خواتین کو باختیار بنانے کے ساتھ ساتھ متنوع ہندوستان کی نمائندگی کرتی ہے اور مانو کے کیمپس کو ماحول دوست بنائے رکھنے کے لیے یونیورسٹی کے سبھی اساتذہ، غیر تدریسی عملہ قابل مبارکباد ہے۔
پروگرام کے دوران یومِ آزاد تقاریب کے تحت ہونے والے مختلف پروگراموں پر مبنی ویڈیو رپورٹ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ مولانا آزاد پر ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔ یومِ آزاد تقاریب تقاریب کے کنوینر پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی نے کارروائی چلائی۔
ڈاکٹر محمد مصطفےٰ علی سروری
پبلک ریلیشنز آفیسر

