Delhi دہلی

انجمن ترقی اردو دلّی شاخ اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’یومِ ذوق‘ کا انعقاد

انجمن ترقی اردو دلّی شاخ اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’یومِ ذوق‘ کا انعقاد

19 / نومبر 2026

انجمن ترقی اردو دلّی شاخ اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’یومِ ذوق‘ کا انعقاد کیا گیا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے صبح مزارِ ذوق پر حاضر ہو کر گل پوشی اور فاتحہ خوانی کا فریضہ انجام دیا۔ شام کو 3 بجے ایوانِ غالب میں سمینار، مشاعرہ اور بزم موسیقی کا اہتمام کیا گیا۔اس جلسے کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر شریف حسن قاسمی نے کہا کہ ذوق کے ساتھ ایک نامناسب رویہ یہ اختیار کیا گیا کہ کبھی ان کی شاعری پر تنہا گفتگو نہیں ہوتی، ہمیشہ غالب سے ان کا موازنہ کر کے یہ ثابت کیا جاتا رہا کہ وہ غالب کے مقابلے میں کمزور شاعر تھے۔ حالانکہ ان کی غزل ایک مختلف انداز اور اسلوب کی حامل ہے۔ قصیدہ نگار کی حیثیت سے وہ سب سے بڑے نہیں تو دوسرے سب سے بڑے شاعر ضرور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انجمن ترقی اردو دلّی شاخ کے ذمہ داران قابلِ مبارک باد ہیں کہ وہ پابندی سے ’یومِ ذوق‘ کا اہتمام کرتے ہیں۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ غالب کے معاصرین میں ذوق کا نام کئی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ہی بادشاہ کے استاد تھے لیکن غالب کے حصے میں یہ سعادت ذوق کے انتقال کے بعد آئی۔ ایک زمانے تک ایسے افراد موجود تھے جو ذوق کو غالب سے بڑا شاعر مانتے تھے۔ انجمن ترقی اردو دلّی شاخ کے صدر جناب اقبال مسعود فاروقی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ انجمن ترقی اردو دلّی شاخ ہر سال یومِ غالب اور یومِ ذوق کا اہتمام کرتی ہے اس سال بھی یہ جلسہ بڑے اہتمام سے منایا جا رہا ہے۔ آئندہ انجمن اپنے دائرۂ کار کو بڑھانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔محترمہ ہاجرہ منظور نے شکریہ کی رسم اداکی۔افتتاحی اجلاس کے بعد مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت جناب وقار مانوی نے کی مہمانِ خصوصی کے طورپر جناب ظفرمرادآبادی شریک ہوئے۔اور نظامت کا فریضہ جناب معین شاداب نے انجام دیا۔طرحی مشاعرہ میں جناب وقارمانوی، جناب ظفر مرادآبادی،جناب منیر ہمدم، جناب احمد علوی، جناب اقبال فردوسی، جناب انیس امروہوی، جناب معین شاداب، جناب ارشد ندیم، جناب فرمان چودھری نے طرحی کلام پیش کیا۔ مشاعرے کے بعد بزم موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں استاد جناب عبدالرحمٰن نے ذوق اور دوسرے شعرا کی غزلیں پیش کیں۔

Related posts

جامعہ نسواں السلفیہ تروپتی میں تعطیل عید الاضحی

Paigam Madre Watan

بی جے پی اپنا وعدہ 24 گھنٹے بھی نہ نبھا سکی، مدراسی کیمپ کی جھگیوں پر چلایا بلڈوزر: سوربھ بھاردواج

Paigam Madre Watan

جو اپنی مادری زبان بھول گیا وہ گویا مرچکا ہے: ڈاکٹر شمس اقبال

Paigam Madre Watan