Delhi دہلی

ڈاکٹر قاسم خورشید کی رحلت میرا ذاتی سانحہ ہے: ڈاکٹر شمس اقبال

نئی دہلی: اردو کے مشہور شاعر، ادیب و فکشن نگار ڈاکٹر قاسم خورشید کی غیر متوقع رحلت پر قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ قاسم خورشید صاحب کی رحلت میرا ذاتی سانحہ ہے، کیوں کہ میرے ان سے نہایت گہرے اور خالص دوستانہ روابط تھے۔ انھوں نے کہا کہ تقریباً روزانہ میری ان سے بات ہوتی تھی اور وہ ذاتی امور کے علاوہ مختلف ادبی موضوعات پر بڑی دلچسپی سے تبادلۂ خیالات کرتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ قاسم خورشید ایک ہمہ جہت صلاحیت کے حامل تخلیق کار تھے اور اردو و ہندی دونوں زبانوں میں انھوں نے کہانیاں لکھیں، یہی وجہ ہے کہ انھیں دونوں حلقوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی۔ ڈاکٹر شمس اقبال نے ان کی مختلف النوع خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کونسل سے بھی ان کا گہرا تعلق تھا اور یہاں سے ان کی کئی کتابیں شائع ہوئی ہیں، فی الحال وہ ہمارے ماس میڈیا پینل کے ممبر بھی تھے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے مخلص اور بافیض شخص کا یوں اچانک ہمارے بیچ سے اٹھ جانا تمام علمی و ادبی حلقوں کے لیے سخت تکلیف دہ حادثہ ہے اور ہم ان کے جملہ پسماندگان و اہل خانہ کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔
اس موقعے پر ڈاکٹر نسیم احمد نسیم نے بھی مرحوم کی ادبی خدمات اور شخصیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈاکٹر قاسم خورشید نہایت اچھے ادیب ہونے کے ساتھ بہت با اخلاق اور ملنسار انسان بھی تھے، ان کا یوں اچانک رخصت ہونا ہم سب کے لیے سخت المناک حادثہ ہے۔ اس موقعے پر کونسل کی گورننگ کونسل کے رکن جناب محمد عبدالستار، ڈاکٹر سید ظفر اسلم اور ڈاکٹر منور حسن کمال سمیت کونسل کا سارا اسٹاف موجود رہا اور ڈاکٹر قاسم خورشید کے لیے دعاے مغفرت کی گئی۔

Related posts

اردو اسکولوں کو معیاری بنانے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی: ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی

Paigam Madre Watan

شمع این جی او نے ووٹروں کو بیدارکرنے کے لیے ریلی کا انعقاد کیا

Paigam Madre Watan

تمل ناڈو عام بجٹ25۔2024۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے کہا بجٹ میں سب کو سب کچھ ملا ہے

Paigam Madre Watan

Leave a Comment