Delhi دہلی

سیا نہ بلند شہر میں اتحاد و یگانگت کی روشن مثال: ڈاکٹر کپل تیاگی کی جانب سے شاندار دعوتِ افطار

نئی دہلی: (نمائندہ): ضلع بلند شہر کے قصبہ سیانہ میں تیاگی سماج سانجھیں وراثت نیاس کے زیرِ اہتمام سنسکار فارم ہاؤس میں ایک پر وقار اور روح پرور دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی یتھارتھ گروپ آف ہاسپیٹلز کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کپل تیاگی نے کی، جو ملک میں امن، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر کپل تیاگی صحت کے شعبے میں اترپردیش کیساتھ ساتھ اتراکھنڈ کے چاروں دھام میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دعوتِ افطار کی اس با وقار تقریب میں تیاگی برادری اور مقامی تیا گی مسلم سماج کے معزز افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجر، دانشور، خواتین اور نوجوانوں کی نمایاں موجودگی نے اسے ایک یادگار سماجی اجتماع بنا دیا۔ شرکاء نے باہمی محبت، رواداری اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ہندو–مسلم اتحاد اور ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی وراثت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر تیاگی برادری کے سرکردہ افراد جنمیں رامکمار تیاگی، نیرج تیاگی، امیت تیاگی، نشچل تیاگی، چراغ تیاگی، راجیو تیاگی، بوبی تیاگی، نتن تیاگی، رام کشور تیاگی، کھیم چند تیاگی سمیت درجنوں معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اسکے علاوہ سیانہ منڈل کے بی جے پی صدر سندیپ تیاگی اور ڈاکٹرمنوج شرما بھی موجود رہے۔
مسلم سماج کی جانب سے بھی کئی اہم شخصیات نے اس تقریب میں شرکت کی، جنمیں زاہد حسن عرف ببو چودھری، خالد لطیف تیاگی، شاہد لطیف تیاگی، حارث علی تیاگی، فرقان چودھری، عبدالقادر تیاگی، حاجی ابان چودھری، تابش تیاگی، ایڈووکیٹ ذاکر چودھری، ثاقب چودھری اور ساجد چودھری قابلِ ذکر ہیں۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر حکومتِ ہند کے تحت سنٹرل وقف کونسل اور آل انڈیا حج کمیٹی کے سابق رکن الحاج محمد عرفان احمد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اسطرح کی تقریبات معاشرے میں بھائی چارے، محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے ملک میں امن وسکون اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
افطار کے بعد نمازِ مغرب کا بھی پورا احترام اور اہتمام کیا گیا، جس نے اس تقریب کو مزید بابرکت بنا دیا۔ شرکاء نے ڈاکٹر کپل تیاگی اور انکی ٹیم کی اس قابلِ تحسین کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اسطرح کے اقدامات اتحاد، محبت اور سماجی ہم آہنگی کے پیغام کو مضبوط کرتے ہیں۔

آخر میں ماہِ مقدس رمضان کے بابرکت موقع پر شرکاء نے ڈاکٹر کپل تیاگی اور انکے رفقاء کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور انہیں اسی طرح انسانیت اور معاشرے کی خدمت کی توفیق دیتا رہے۔

Related posts

نئی نسل میں کتاب کلچر کا فروغ وکست بھارت 2047 کے مشن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا: ڈاکٹر شمس اقبال

Paigam Madre Watan

ایس ڈی پی آئی کی جانب سے نئی دہلی میں دعوت افطار کا اہتمام ، سرکردہ رہنمائوں کی شرکت

Paigam Madre Watan

اردو یونیورسٹی اور ریختہ کے اشتراک سے بیت بازی کا انعقاد

Paigam Madre Watan

Leave a Comment