ممبئی (محمد توقیر رحمانی): گرمیوں کی تعطیلات جہاں بچوں کیلئے راحت اور تفریح کا ذریعہ ہوتی ہیں، وہیں یہ وقت ان کی شخصیت سازی اور اخلاقی تربیت کیلئے نہایت اہم موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ موجودہ دور میں اسمارٹ فون اور اسکرین کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بچوں کی عادات، صحت اور مزاج پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جس کے نتیجے میں والدین کو متعدد نفسیاتی اور تربیتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہی حالات کے پیشِ نظر مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی کے تعاون سے الہدایہ اسکول، بدلاپور میں ایک آٹھ “اخلاقی و تربیتی سمر کیمپ” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ 26 اپریل تا 3 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جس میں خصوصی طور پر طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کو پیشِ نظر رکھا گیا ہے۔ کیمپ کے ذمہ دار مفتی جسیم الدین قاسمی کے مطابق اس کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں کو چند دنوں کیلئے موبائل اور غیر ضروری اسکرین سے دور رکھ کر ایک ایسے اسلامی اور دوستانہ ماحول میں لانا ہے جہاں وہ نہ صرف سیر و تفریح سے لطف اندوز ہوں بلکہ اپنی عملی زندگی کیلئے ضروری اخلاقی اقدار بھی سیکھ سکیں۔ کیمپ میں چوبیس گھنٹے کا منظم شیڈول ترتیب دیا گیا ہے، جس کی نگرانی ماہر علماء و اساتذہ کریں گے۔ اس کیمپ کے سرپرست مولانا برہان الدین قاسمی نے بتلایا کہ اس کیمپ کی نمایاں خصوصیات میں: اسلامی تعلیمات اور سنتِ نبویؐ کی عملی تربیت، روزمرہ زندگی میں کارآمد سنتوں کی مشق، ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے کھیل اور مسابقات، گروہی سرگرمیاں، تقریری مقابلے اور عملی تربیتی نشستیں، فطری ماحول میں سیر و تفریح اور ٹیم ورک کی مشق۔جیسی دیگر سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ کیمپ کے منتظم مفتی نثار احمد قاسمی کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ بچوں کی شخصیت میں توازن، نظم و ضبط اور مثبت طرزِ فکر پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا، اور والدین کیلئے ایک اطمینان بخش متبادل فراہم کرے گا۔
ممبئی اور اطراف کے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس قیمتی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کا اندراج جلد از جلد کرائیں، کیونکہ نشستیں محدود ہیں اور رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
یہ سمر کیمپ دراصل ان والدین کیلئے ایک سنہری موقع ہے جو اپنی اولاد کی دینی، اخلاقی اور فکری تربیت کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور انہیں ایک صحت مند، متوازن اور باوقار مستقبل دینا چاہتے ہیں۔

