National قومی خبریں

ابن عثيمين فاؤنڈیشن ایجوکیشنل ٹرسٹ (رجسٹرڈ) ممبئی کا تیسواں عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان "اصلاحِ معاشرہ” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

ابن عثيمين فاؤنڈیشن ایجوکیشنل ٹرسٹ (رجسٹرڈ) ممبئی کا تیسواں عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان "اصلاحِ معاشرہ” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
الحمد للہ، ابن عثيمين فاؤنڈیشن ایجوکیشنل ٹرسٹ (رجسٹرڈ) ممبئی کے زیرِ اہتمام تیسواں عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان "اصلاحِ معاشرہ” بروز
اتوار، 19 جولائی بعد نمازِ مغرب تا رات 10:15 بجے محمدی مسجد اہلِ حدیث، مالونی، ملاڈ، ممبئی میں بحسن و خوبی منعقد ہوا۔
پروگرام کا آغاز شیخ رفیق اللہ سنابلی حفظہ اللہ، داعی و مبلغ ممبئی، کی پُرسوز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس نے سامعین کے دلوں کو منور کر دیا۔
پہلے خطیب
پہلے خطیب شیخ نیاز سنابلی حفظہ اللہ، نائب ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث ممبرا، نے "بارش اور اسلامی تعلیمات” کے عنوان پر نہایت علمی، مدلل اور مفید خطاب فرمایا۔ آپ نے قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت، اس کی رحمت اور قدرت کی نشانی ہے۔ نیز تقویٰ اختیار کرنے، گناہوں سے بچنے، توبہ و استغفار کی پابندی، زکوٰۃ کی ادائیگی، حقوق العباد کی حفاظت، نمازِ استسقاء، بارش کے وقت اور بعد کی مسنون دعاؤں، زیادہ بارش کے وقت کی دعاؤں، ستاروں کی طرف بارش منسوب کرنے کی ممانعت، موسمی پیش گوئی کی شرعی حیثیت اور پانی جیسی عظیم نعمت کی حفاظت جیسے اہم موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں جامع رہنمائی فرمائی۔
دوسرے خطیب
دوسرے خطیب شیخ سرفراز فیضی حفظہ اللہ نے "عظمتِ فجر” کے عنوان پر نہایت مؤثر اور مدلل خطاب فرمایا۔ آپ نے نماز کی اہمیت، بالخصوص نمازِ فجر کی فضیلت، فجر چھوڑنے والوں کے انجام اور اس کی پابندی کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان جلد سونے کی عادت اپنائیں، وقت پر بیدار ہونے کا اہتمام کریں، الارم کا استعمال کریں، اہلِ خانہ کو نماز کے لیے جگائیں، مسجد میں باجماعت نماز ادا کریں اور اللہ تعالیٰ سے استقامت کی دعا کرتے رہیں، کیونکہ نمازِ فجر دنیا و آخرت کی کامیابی کی بنیاد ہے۔
تیسرے خطیب
تیسرے خطیب شیخ عبدالوحید سلفی ناسک حفظہ اللہ نے "عظمتِ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم” کے عنوان پر نہایت ایمان افروز اور مدلل خطاب فرمایا۔ آپ نے صحابۂ کرامؓ کے عظیم مقام و مرتبہ، دینِ اسلام کے لیے ان کی بے مثال قربانیوں، حضرت ابوبکر صدیقؓ اور حضرت عمر فاروقؓ کی فضیلت، ہجرتِ نبوی کے موقع پر حضرت ابوبکرؓ کی رفاقت، اسلام کے ابتدائی دور میں صحابۂ کرامؓ پر ڈھائے گئے مظالم اور ان کی استقامت کا تذکرہ کرتے ہوئے حاضرین کو صحابۂ کرامؓ کی سیرت کو اپنی زندگی کا نمونہ بنانے کی تلقین کی۔
چوتھے خطیب
چوتھے خطیب شیخ اسلم صیاد سنابلی حفظہ اللہ، نائب ناظم صوبائی جمعیت اہلِ حدیث ممبئی، نے "ماہِ صفر اور بدشگونی” کے موضوع پر مختصر مگر جامع خطاب فرمایا۔ آپ نے واضح کیا کہ اسلام توحید اور صحیح عقیدے کا دین ہے، جس میں کسی دن، مہینے، پرندے، شخص یا کسی بھی چیز کو منحوس سمجھنے یا بدشگونی لینے کی کوئی گنجائش نہیں۔ نبی کریم ﷺ نے جاہلیت کے تمام باطل عقائد کی تردید فرمائی ہے۔ مسلمان کا عقیدہ یہ ہونا چاہیے کہ نفع و نقصان، خیر و شر سب اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہیں، اس لیے ہر حال میں اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کیا جائے اور توہمات و بدشگونی سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
صدارتی کلمات
صدرِ اجلاس شیخ ہارون خان محمدی حفظہ اللہ، بانی و صدر اور امام و خطیب مسجد اہلِ حدیث میرا روڈ، نے مختصر مگر نہایت مؤثر نصیحت فرمائی۔ آپ نے حاضرین کو کتاب و سنت پر مضبوطی سے عمل کرنے کی تلقین کی، ابن عثيمين فاؤنڈیشن ممبئی کی دعوتی، تعلیمی اور اصلاحی خدمات کا مختصر جائزہ پیش کیا اور پوری ٹیم کی محنتوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

اجلاس کی نظامت شیخ سراج اللہ سلفی حفظہ اللہ نے نہایت عمدہ، شستہ اور مؤثر انداز میں انجام دی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
الحمد للہ، پروگرام رات 10:15 بجے اختتام پذیر ہوا۔ مردوں سے مسجد مکمل طور پر بھر گئی تھی جبکہ خواتین کی تعداد اس سے بھی زیادہ تھی، جو عوام کی دین سے محبت اور اصلاحی اجتماعات سے وابستگی کا خوش آئند مظہر ہے۔

تمام شرکائے اجلاس کے لیے ناشتے کا بہترین انتظام کیا گیا تھا، جبکہ بیرونِ شہر سے تشریف لانے والے تمام معزز مہمانوں کی ضیافت کے لیے عمدہ کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
آخر میں ابن عثيمين فاؤنڈیشن ایجوکیشنل ٹرسٹ (رجسٹرڈ) ممبئی کی پوری ٹیم محمدی مسجد اہلِ حدیث، مالونی کے ذمہ داران، بالخصوص ابراہیم خان صاحب اور شیخ سراج اللہ سلفی حفظہ اللہ کی تہہ دل سے شکر گزار ہے، جنہوں نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی خدمت و مہمان نوازی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔

اللہ تعالیٰ تمام مقررین، منتظمین، معاونین، پروگرام اور شرکائے اجلاس کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور اس اجتماع کو امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔
ادارہ: ابن عثيمين فاؤنڈیشن ایجوکیشنل ٹرسٹ (رجسٹرڈ) ممبئی 

Related posts

جمعۃ الوداع میں یوم القدس کے حوالے سے دنیا بھر میں چند ایران حمایتی شیعہ علماء چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکال کر ادھم مچائینگے، شیعہ مولانا حسن علی راجانی

Paigam Madre Watan

اکشرا اسکول شکاری پور میں نواں کنڑا چلڈرنس ادبی وثقافتی کانفرنس

Paigam Madre Watan

 ای ڈی آفیسر بتا کر مشکوک مرڈررس کا بنگلے میں داخلہ

Paigam Madre Watan