National قومی خبریں

آل انڈیا پیامِ انسانیت فورم کا تعارفی پروگرام منعقد

آل انڈیا پیامِ انسانیت فورم کا تعارفی پروگرام منعقد
انسانی اخوت، باہمی احترام، خدمت خلق اور خیر و بھلائی کے فروغ کا عزم

بارہ بنکی، ۵؍اکتوبر (پریس ریلیز): انسانی اخوت، باہمی احترام، خدمت خلق اور معاشرے میں خیر و بھلائی کے فروغ کے مقصد سے آل انڈیا پیامِ انسانیت فورم کی سرگرمیوں اور پیغام سے عوام کو متعارف کرانے کے لیے بارہ بنکی یونٹ کا خصوصی تعارفی پروگرام بنوا عیدگاہ، بارہ بنکی میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں فورم کے بنیادی مقاصد، دعوتی و سماجی خدمات اور معاشرے میں اس کے مثبت کردار پر گفتگو کی گئی۔
پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا کوثر ندوی، ذمہ دار وسطیٰ یوپی، آل انڈیا پیامِ انسانیت فورم نے کہا کہ پیامِ انسانیت کا بنیادی مقصد انسانوں کے درمیان محبت، ہمدردی، باہمی احترام اور خیر خواہی کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ موجودہ دور میں معاشرے کو نفرت اور باہمی فاصلے کے بجائے ایک دوسرے کو سمجھنے، قریب آنے اور ضرورت مند انسانوں کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فورم کے ذمہ داران اور کارکنان پر زور دیا کہ خدمت خلق کو مستقل انسانی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اخلاص اور تسلسل کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھائیں۔
مولانا اصطفاء الحسن ندوی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور معاشرے میں خیر و بھلائی پھیلانا ہر باشعور انسان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پیامِ انسانیت کا پیغام کسی ایک طبقے یا گروہ تک محدود نہیں بلکہ انسانوں کے دلوں کو جوڑنے اور معاشرے میں محبت و اعتماد کی فضا قائم کرنے کا پیغام ہے۔ انہوں نے بارہ بنکی یونٹ کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ مقامی سطح پر خدمتِ خلق، سماجی رابطے اور انسانی ہمدردی کے کاموں کو مزید منظم اور وسیع کیا جائے۔
اس موقع پر تنظیمی امور کے حوالے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ بارہ بنکی، گونڈہ اور ایودھیا اضلاع کیلئے مولانا عاصم ندوی کو ضلع صدر کی ذمہ داری پہلے ہی سونپی جا چکی ہے، جس کا پروگرام کے دوران باضابطہ طور پر اعلان بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ان کی ذمہ داری اور آئندہ کے تنظیمی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ ان کی نگرانی میں مذکورہ اضلاع میں فورم کی سرگرمیوں کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
پروگرام میں پیامِ انسانیت فورم کے متعدد عہدیداران و ذمہ داران موجود رہے، جبکہ مقامی عوام نے بھی بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر فورم کی آئندہ سرگرمیوںکے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔اختتام پر مولانا عاصم ندوی، ضلع صدر، آل انڈیا پیامِ انسانیت فورم اور جملہ اراکین کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔

Related posts

14فروری تا یکم مارچ2024، ایس ڈی پی آئی کیرلا کی جانب سے 7مطالبات کو لیکر "جنا منیٹرایاترا "کا اہتمام

Paigam Madre Watan

मुख्यमंत्री की अध्यक्षता में हुई एचपीपीसी और एचपीडब्ल्यूपीसी की बैठक

Paigam Madre Watan

فلسطین و غزہ میں انسانیت کا قتل ہورہا ہے، جمعیۃ علماء ہند اہل فلسطین و غزہ کے ساتھ کھڑی ہے!

Paigam Madre Watan