قومی اردو کونسل کے موجودہ ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کو ادارے کی جانب سے الوداعیہ
نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں آج ادارے کے موجودہ ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کی مدت کار مکمل ہونے پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال کو گلدستہ اور تحفہ پیش کر کے ان کی کار گزاریوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
ادارے کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر(ایڈمن) محمد احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کی ملازمت کے کونسل سے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی ملازم کے لیے نہایت خوشی کی بات ہے کہ وہ جہاں سے اپنے کیریئر کا آغاز کرے وہیں کے سب سے اعلیٰ عہدے سے اسے سبکدوشی بھی نصیب ہو، اس کے لیے موجودہ ڈائرکٹر قابل مبارکباد ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائرکٹر (اکیڈمک) ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈائرکٹر کی کارگزاریاں قابل ستائش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ادبِ اطفال کے فروغ، نئی نسل کی حوصلہ افزائی ، NEP 2020، اور کتاب کلچر کو فروغ دینے کے حوا لے سے ان کی کوششیں بہت اہم ہیں۔ اس کے علاوہ ادارے میں نظم و نسق کو بہتر بنانے اور گہرائی کے ساتھ لائحہ عمل تیار کرنے میں بھی ان کا غیرمعمولی کردار رہا ہے۔
سینئر ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ادارے کی سرگرمی کا انحصار اس کے ڈائرکٹر کی فعالیت پر ہوتا ہے۔ قومی اردو کونسل بھی موجودہ ڈائرکٹر کے زمانے میں متحرک رہی ہے۔ جہاں کام ہوتا ہے وہاں اتفاق اور اختلاف دونوں صورتیں پیدا ہوتی ہیں جو یہاں بھی نظر آئیں۔ لیکن اس کے باوجود کونسل سرگرم عمل رہی جو کہ خوش آئند بات ہے۔
آخر میں ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کونسل کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں نے جس ادارے سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا اسی ادارے سے اس کا اختتام کر رہا ہوں ۔ادارے کے عملے نے میرا بھرپور تعاون دیا جس کے لیے میں ان کا ممنون ہوں۔ میری خوش بختی ہے کہ مجھے ایسا فعال عملہ نصیب ہوا۔ میں آنے والے دور میں بھی کونسل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ادارہ اسی طرح سرگرم عمل رہے گا۔
الوداعی تقریب کے اس موقعے پر قومی اردو کونسل کے افسران کے علاوہ دیگر عملہ بھی موجود رہا۔

