ایام فاطمی کے سلسلے کی مجالس سے مولانا علی حسین کا خطاب
لکھنؤ(پی ایم ڈبلیو نیوز) ایام فاطمی کے سلسلے میں خمسہ مجالس کا انعقاد امامیہ ہال وکٹوریہ اسٹریٹ لکھنؤ میں ہوا۔ جس کو خطاب کرتے ہوئے شیعہ علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا علی حسین نے کہاحضرت فاطمہ ؓ کی حیات مقدسہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جگر گوشہ رسول ؐحضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذات خواتین کیلئے رول ماڈل ہے۔ ہم زندگی کے تمام پہلوؤں میں اس عظیم ہستی سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ہمیں اپنی نسلوں کو سنوارنے کیلئے اس ذات مقدسہ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانا ہو گا جنہیں نبی کریمؐنے اپنے جگر کا ٹکڑا قرار دیا ہے۔یہ وہ ذات ہیں جو رحمت اللعالمین ؐکے لیے بھی رحمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکباز معاشرے کی تشکیل کیلئے پاکیزہ تربیت اولین شرط ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ان ہستیوں سے فیض حاصل کیا جائے جن کی پاکیزگی کا گواہ خود اللہ تعالیٰ کا پاک کلام ہے۔ خاتون جنت ام الائمہ ہیں۔ان کی اولاد میں وہ ائمہ برحق ہیں، رسولؐ کی شفاعت صرف اسی کے حصہ میں آئے گی جس سے نبی زادی (س) راضی ہوں گی۔آغوش رسالت میں پلنے والی اس عظیم ہستی کو فاطمہ کہتے ہیں جس کے کردار و گفتار سے نبی کریم ؐ کا عکس جھلکتا ہے۔ موجودہ دور میں ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے دشمن ہماری نسلوں کے فکر و کردار پر حملہ آور ہے۔غیر محسوس انداز میں ہمیں حقیقی اسلام سے دور کیا جا رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں خواتین کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ ان نسلوں کی تربیت کرنی ہے جو خود کو اہلبیت کا پیروکار سمجھتے ہیں۔ہمیں سید النساء العالمین کی تعلیمات و کردار کی معرفت حاصل کرنا ہو گی تاکہ دجالی فتنوں کا مقابلہ کر سکیں۔