Articles مضامین

مسنون نکاح و ولیمے میں بے حیائی رواج پا رہی ہے

مفتی ندیم احمد انصاری


موسمِ سرما میں کثرت سے نکاح و ولیمے کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ شرعی نقطۂ نظر سے نکاح عام حالات میں مسنون ہے، ولیمے کو بھی سنت کہا گیا ہے۔ اس میں بدعات و خرافات کو داخل کر دینا نہایت غیرمناسب عمل ہے۔نکاح کی حیثیت ایک شرعی معاہدے اور عبادت کی ہے، اس کا مکمل طریقہ رسول اللہ ﷺ اور صحابۂ کرامؓنے عملی طور پر سکھا دیا ہے لیکن آج کا مسلمان ایجاب و قبول کی ایک مختصر سی مجلس کے سوا رشتہ طے کرنے سے لے کر ولیمے تک کسی موقع پر بھی اسلامی ہدایات کا پاس و لحاظ رکھنے کو تیار نہیں۔ ایجاب و قبول کی یہ مجلس عام طور پر مسجد میں ہوتی ہےیا کبھی شادی ہال وغیرہ میں، اس میں قاضی مختصر سا خطبہ پڑھ کر حاضرین کی موجودگی میں شرعی اصولوںکے مطابق ایجاب و قبول کروا دیتا ہے، اِس کے بعد اُس کی چھٹّی کر دی جاتی ہے اور شریعت کی بھی۔ اس کے بعد مسلمان ایسا آزاد ہوتا ہے کہ اس کے جی میں جو آتا ہے، کرتا ہے۔ لکھے پڑھے لوگوں میں بینڈ باجے وغیرہ میں تو اب قدرے کمی آ گئی ہے، لیکن بے حیائی و بےغیرتی کی حدیں پار کرنا عام ہوتا جا رہا ہے۔جس مذہب میں احتیاط کے پیشِ نظر خواتین کے لیے مسجد کی جماعت میں حاضر ہونا ضروری قرار نہیں دیا گیا، اس مذہب کے ماننے والے اپنی بہو بیٹیوں کو بیوٹی پارلر سے سجا دھجا کر اجنبی مَردوں کے بیچ لاکر بٹھا دیتے ہیں، پھر نکاح و ولیمے کی سنت کے نام پر شادی ہالوں میں بےپردگی کا وہ ننگا ناچ ہوتا ہے کہ شریف آدمی مجرم بن کر رہ جاتا ہے۔ وہ خواتین جو اپنے گھروں میں پسینے کی بدبو سے اَٹی رہتی ہے، کئی کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد غیرمَردوں کے لیے بن ٹھن کر آئی ہوتی ہیں۔ جوان مرد و عورتیں ایک دوسرے پر اپنا بدن اور جوانی ظاہر کرتے ہیں۔ اللہ و رسول کی نافرمانی دل کھول کر کی جاتی ہے۔ کوئی اس بے غیرتی اور بے حیائی پر روک  ٹوک کرنے والا نہیں ہوتا۔خطبے میں جو کچھ پڑھا جاتا ہے اسے سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے اور نہ عمل درآمد کرنے کی۔
نکاح کیا کرو، لیکن!
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: نکاح میری سنت ہے، جو میری سنت پر عمل نہ کرے اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں، نکاح کیا کرو، تمھاری کثرت پر میں دیگر امتوں کے سامنے فخر کروں گا، جس میں استطاعت ہو تو وہ نکاح کرلے، جس میں استطاعت نہ ہو تو وہ روزے رکھے، اس لیے کہ روزہ اس کی شہوت کو توڑ دے گا۔(ابن ماجہ)حضرت عائشہؓسے مروی ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: سب سے زیادہ برکت والا نکاح وہ ہے جو مشقت کے اعتبار سے سب سے آسان ہو۔(مسند احمد)
حیا کی اہمیت، بے حیائی کا نقصان
 حضرت انسؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر دین والوں میں ایک (خاص) خصلت ہوتی ہے اور اسلام کی خصلت حیا ہے۔(ابن ماجہ)ایک روایت میں ہے؛ حضرت انسؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بےحیائی جس چیز میں آتی ہے اسے عیب دار بنا دیتی ہے اور حیا جس چیز میں آتی ہے اسے سجا دیتی ہے۔(ترمذی)
بے حیا شخص پر اللہ کا قہر
حضرت ابن عمرؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ عزوجل جب کسی بندے کو ہلاک کرنے کا ارادہ فرماتے ہیں تو اس سے حیا نکال لیتے ہیں، جب اس سے حیانکل جائے تو تمھیں وہ شخص ہمیشہ اللہ کے قہر میں گرفتار ملے گا، اس سے امانت داری سلب ہوجاتی ہے تو وہ تمھیں ہمیشہ چوری اور خیانت میں مبتلانظر آئے گا، اور جب وہ چوری اور خیانت میں مبتلا ہوا تو اس کے دل سے رحم ختم کردیا جاتا ہے، اور جب وہ رحم سے محروم ہوگیا تو تمھیں وہ ہمیشہ ملعون اور مردود نظر آئے گا، اور جب تم اسے ہمیشہ ملعون و مردود دیکھو تو اس کی گردن سے اسلام کی رسّی نکل گئی۔(ابن ماجہ)
حیا اور ایمان ساتھ ساتھ
حضرت عمران بن حصینؓکہتے ہیں، حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایا: حیا خیر ہی لاتی ہے۔‏‏‏‏‏(بخاری)حضرت ابن عمرؒ نے ارشاد فرمایا : یقیناً حیا اور ایمان دونوں اکٹھے ملے ہوئے ہیں، پس جب ان میں سے ایک اٹھتا ہے تو دوسرا بھی اٹھ جاتا ہے۔(مصنف ابن ابی شیبہ)
اللہ کے حبیب اور خلیل کا اسوہ
حضرت ابو جعفرؓ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: میں بہت غیرت والا ہوں، حضرت ابراہیم علیہ السلام بھی غیر ت والے تھے اور غیرت صرف وہ شخص نہیں کرتا جو دیوث یا مخنث ہو۔(مصنف ابن ابی شیبہ)
اللہ نظرِ رحمت نہیں فرمائےگا
حضرت عبداللہ بن عمرؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تین انسانوں کی جانب اللہ تعالیٰ قیامت کے دن نہیں دیکھے گا؛ (۱)ایک وہ شخص جو والدین کی نافرمانی کرے (۲)دوسرے وہ عورت جو مَردوں کا حلیہ بنائے (۳)تیسرے وہ دیوث جو اپنی بیوی کو دوسرے کے پاس لے کر جائے۔ اور تین انسان جنت میں داخل نہیں ہوں گے؛ (۱) ایک والدین کی نافرمانی کرنے والا (۲)دوسرے ہمیشہ شراب پینے والا (۳)تیسرے احسان کر کے جتلانے والا ۔(نسائی)
غیرشوہر کے لیے بناؤ سنگار
 حضرت ابوموسیؓسے روایت ہے، حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ہر آنکھ زنا کرتی ہے اور وہ عورت جو خوش بو لگا کر (مَردوں کی)کسی مجلس کے پاس سے گزرے، وہ ایسی اور ایسی ہے، یعنی زانیہ ہے۔(ترمذی)
مختلف اعضا کا زنا
حضرت ابن عباسؓنے بیان کیا کہ میں نے حضرت ابوہریرہؓکی بات سے زیادہ بہتر کوئی بات نہیں سنی جو وہ حضرت نبی کریم ﷺ سے نقل کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ابنِ آدم کے لیے ایک حصہ زنا کا لکھ دیا ہے جو اس سے یقیناً ہو کر رہے گا، چناں چہ آنکھ کا زنا دیکھنا ہے، زبان کا زنا بات کرنا ہے، نفس خواہش اور تمنا کرتا ہے اور شرم گاہ اس کی تصدیق یا تکذیب کرتی ہے۔(بخاری)
 اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے۔ آمین

Related posts

ڈاکٹر عبدالرؤف صاحب حَمیدی حفظہ اللہ

Paigam Madre Watan

سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ: حیات و تعلیمات

Paigam Madre Watan

اللہ ظالموں کو پسند نہیں کرتا، محبوب نہیں رکھتا،کیا آپ ظالم ہیں؟

Paigam Madre Watan

Leave a Comment

türkiye nin en iyi reklam ajansları türkiye nin en iyi ajansları istanbul un en iyi reklam ajansları türkiye nin en ünlü reklam ajansları türkiyenin en büyük reklam ajansları istanbul daki reklam ajansları türkiye nin en büyük reklam ajansları türkiye reklam ajansları en büyük ajanslar