اور اسلامی وانسانی اخوت ومحبت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں؍ مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی
دہلی : مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے ذرائع ابلاغ کے نام جاری ایک پیغام میںعوام وخواص سے پرزور اپیل کی ہے کہ عید قرباں کے مبارک موقع پراسلامی احکام وآداب اورحکومت کی ہدایات کو ملحوظ رکھیں اورصفائی ستھرائی کا خاص اہتمام کریں اور کہا ہے کہقربانی کرنا ہرصاحب استطاعت مسلمان کے لیے ضروری اورسنت موکدہ ہے، اس کے عظیم ثواب اور بے شمار فوائد ہیں اور اس میںاخلاص نیت اور تقوی مقصود ومطلوب ہے۔ریا ونمود قربانی کی روح کے منافی ہے۔امیر محترم نے فرمایا کہ مقام شکر ہے کہ وطن عزیزہندوستان میں۱۷؍جون ۲۰۲۴ء کو عید الاضحی منائی جائے گی اورمسلمانان ہند اپنے رب کے تقرب اور خوشنودی کے لیے اپنی خواہشات کو تج کر سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی یاد تازہ کریں گے۔ان شاء اللہ ۔ اس مبارک موقع پر عوام خواص سے خصوصی اپیل ہے کہ پورے اسلامی آداب واحکام کو ملحوظ خاطر رکھیں،ایام تشریق میںکثرت سے تکبیرات کا اہتمام کریں، حکومت کی ہدایات کی پابندی کریں،عیدگاہ یا مسجد سے باہر سڑکوں پر حتی الامکان نماز عید ادا نہ کریں،ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے گریز کریں،فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنائے رکھیں،اسلامی وانسانی اخوت ومحبت کو برقرار رکھیںاور ہر اس عمل سے پرہیز کریں جس سے دوسروں کو اذیت پہنچنے کا اندیشہ ہو یا جس سے سماج دشمن عناصر کو کھل کھیلنے کاموقع مل سکتا ہو۔حسب ضرورت انتظامیہ کے رابطے میں رہیں۔مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے مزید فرمایا کہ صفائی آدھا ایمان ہے۔اس لیے اس کا پاس ولحاظ ر کھتے ہوئے قربانی کے باقیات اور فضلات کو سڑکوں،گلیوں اور نالوں میںہرگز ہرگز نہ پھینکیں۔بلکہ اسے دفن کردیں یا بصورت دیگر کوڑے دانوں میں ڈالیں۔اور یہ ہر گز نہ بھولیں کہ اللہ جل شانہ کے تقرب اور خوشنودی کے لیے ہرطرح کی خواہشات اورجذبات کو برانگیختہ کرنے والے امور سے بچنا اور حقوق اللہ وحقوق العباد کی ادائیگی ہی قربانی کی روح ہے۔اللہ تعالی آپ کی نیکیوں اور قربانیوں کو شرف قبولیت بخشے اور آپ کے لیے اور پوری ملت وانسانیت کے لیے مبارک وباعث خیر وبرکت بنائے۔آمین