نئی دہلی۔(پریس ریلیز) َ ۔انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل ) کے راجیہ سبھا رکن اڈوکیٹ حارث بیرن کی قیادت میں ایک وفد نے علی گڑھ میں ہجومی تشدد میں مہلوک محمد فرید کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔۔ مہلوک محمد فرید کے خاندان سے ملاقات کے بعدراجیہ سبھا رکن پارلیمان اڈوکیٹ حارث بیرن نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ مہلوک محمد فرید کے اہل خانہ کی انصاف کی لڑائی کی بھر پور حمایت کرے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے حالیہ لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران ایک مخصوص کمیونٹی کے خلاف زہریلے بیانات دیا تھا۔ انہیں تقاریر کی وجہ سے فر قہ وارانہ ذہنیت کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اس کا نیتجہ ہی ہجومی تشدد اور قتل ہوا ہے۔ انتخابی نتائج کے بعد یعنی 4جون کے بعد ہجومی تشدد اور قتل میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے۔ آنے والے بجٹ سیشن کے دوران ہم مطالبہ کریں گے ہجومی تشدد کے خلا ف ایک خصوصی قانون بنایا جائے ۔ہجومی تشدد سے ایک خاندان اور ایک مہذب سماج کیسے متاثر ہوتا ہے اس کے بارے میں بھی ہم بات کریں گے اور مہلوک محمد فرید کے اہل خانہ کے ساتھ جو ہماری گفتگو ہوئی ہے اس کو پارلیمنٹ میں رکھا جائے گا۔ وفد میں مسلم لیگ کے قومی سکریٹری خرم انیس عمر ، اتر پردیش ریاستی صد ر ڈاکٹر متین خان، مسلم یوتھ لیگ قومی صدر آصف انصاری، جنرل سکریٹری اڈوکیٹ فیصل بابو اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایم ایس ایف ( MSF) اسٹوڈنٹس بھی موجود تھے۔