سری نگر :قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام ایس جے آئی سی سی کے آڈیٹوریم میں تقریب تشکر و سپاس کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر شاہد اختر قائم مقام چیئرمین نیشنل کمیشن فار مائناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز،حکومت ہند،مہمان ذی وقار کی حیثیت سے جناب شاہد اقبال چودھری سکریٹری ڈپارٹمنٹ آف رورل ڈیولپمنٹ اور مہمان اعزازی کی حیثیت سے جناب یوراج ملک ڈائریکٹر نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا نے شرکت کی۔ کلمات تشکرو سپاس کہتے ہوئے ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ کشمیر جسے زمین کی جنت کہا جاتا ہے ڈوگری اور کشمیری کے ساتھ اردو سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، اس وادی کا اردو زبان و ادب سے بہت گہرا رشتہ رہا ہے، اردو زبان کو فکری اور لسانی اعتبار سے ثروت مند بنانے میں یہاں کے لوگوں نیاہم کردار ادا کیا ہے۔ قومی کونسل کی اسکیموں سے یہاں کے نوجوان بچے اور بچیاں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہم اس طرح کے کتاب میلوں کا انعقاد آئندہ بھی کریں گے۔ جناب یوراج ملک ڈائریکٹر نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا نے کہا کہ اردو زبان ادبی زبان ہے ، بھاشا اور سنسکرتی کا تعلق بہت گہرا ہوتا ہے۔ اس کتاب میلہ کو کامیاب بنانے میں سب سے زیادہ یہاں کے لوگوں نے ادا کیا ہے، یہ رشیوں اور صوفیوں کا مسکن رہا ہے، چنار صرف پتہ نہیں یہ تہذیب ہے. سماج کو بدلنے کے لیے کتابوں سے رشتہ جوڑنے کی ضرورت ہے۔ مہمان ذی وقار شاہد اقبال چودھری سکریٹری ڈیپارٹمنٹ آف رورل ڈیولپمنٹ، جموں کشمیر نے کہا کہ اسکل اور ہنر کی ہر دور میں اہمیت رہی ہے اس لیے نوجوانوں کو اسکل اور ہنر سے بھی جوڑنے کی ضرورت ہے۔ میں پہلی بار اتنا کامیاب پروگرام اور کتاب میلہ دیکھ رہا ہوں۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور این بی ٹی اس کے لیے مبارکباد کی مستحق ہے۔ مہمان خصوصی پروفیسر شاہد اختر قائم مقام چیئرمین نیشنل کمیشن فار مائناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز،حکومت ہند نے کہا کہ کشمیر علم و ادب اور تہذیب کا مرکز رہا ہے، آج بھی اپنی زبان اور تہذیب سے جڑنے کی ضرورت ہے، بین الاقوامی سطح پر زبان کو فروغ دینے میں کشمیر کے لوگوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، کشمیر میں چنار اردو کتاب میلہ اور چنار بک فیسٹیول کا انعقاد قومی کونسل اور این بی ٹی کی بہت بڑی کامیابی ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ آیندہ بھی برقرار رہے گا۔ واضح رہے کہ آج چنار اردو کتاب میلہ کا آخری دن تھا اس تقریب میں بیسٹ کلیکشن کا انعام نامک پبلیکیشن کی ڈائریکٹر انجم عامر خان کو اور بیسٹ ڈسپلے کا انعام افضل لون مالک ملت پبلیکیشنز سری نگر کو دیا گیا۔ آج صبح سے ہی لوگوں کا ازدہام دیکھنے کو ملا۔ تقریب تشکرو سپاس کا اختتام ڈاکٹر نصیب علی اسسٹنٹ پروفیسر جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے شکریہ اور نیشنل اینتھم پر ہوا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر عبدالباری نے کی۔ پروگرام کے خصوصی شرکا میں پروفیسر زمان آزردہ، ڈاکٹر قاسم خورشید، ڈاکٹر صادقہ نواب سحر ،پروفیسر اعجاز محمد شیخ اور پروفیسر عارفہ بشری وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
Related posts
Click to comment