ہماری فوج دہشت گردی کا قلع قمع کردیگی: ایم ای پی صدر
نئی دہلی (پریس رپورٹ : مطیع الرحمن عزیز) گزشتہ مہینے کشمیر کے پہلگام علاقہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہماری فون نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے قلعوں کو نیست و نابود کردیا اور دہشت گردوں و ان آقاﺅں کو اس خوش فہمی سے نکال باہر لا کھڑا کیا کہ ہندستان کی مضبوط و توانا فوج کسی طرح کی دراندازی ہو یا دہشت گردی ہو ،ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔ معصوم ہندستانی عوام کا ایک قطرہ ناحق خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ اس سوچ کے ساتھ ہماری بھارتی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے عالمی پیمانے پر یہ پیغام پہنچانے میں کامیابی حاصل کی ہے کہ ہمارے ملک کی جانب غلط نگاہ اٹھانے والوں کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہمارے ملک کے امن و سکون کو غارت کرنے کا خواب دیکھنے والوں کو ان کی ہی زبان میں کارروائی کرتے ہوئے دھول چٹایا جائے گا۔ اور یہی ہوا، کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے درجنوں ٹھکانوں کو مضبوط بھارتی فوج نے سخت تنبیہ کرتے ہوئے تمام غلط سوچ رکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا ہے، اور آئندہ بھی اگر کسی طرح کی بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جائے گی تو یہ یاد رکھا جائے کہ نا پہلے ہندستان نے دہشت گردی کو برداشت کیا تھا اور نا آئندہ برداشت کیا جائے گا۔
آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی سپریمو اور کل ہند صدر عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے اپنے جاری ایک بیان میں ان خیالات کا اظہار کیا، اور کہا کہ ہم اپنے پیارے ملک کی سالمیت، تحفظ اور وقار کیلئے ہمیشہ مستعد ہیں، کسی بھی طرح کی آنچ ہمارے مادروطن کیخلاف برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اور دہشت گردوں کی ایما کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ دہشت گردوں کا نام اور پہچان پوچھ کر عوام کو قتل کرنے کا مقصد صاف سمجھا جا سکتا ہے کہ بیرون ممالک سے بھیجے گئے دہشت گرد کس طرح کے مقاصد کے ساتھ ہمارے ملک پر گھات لگائے بیٹھے ہوئے ہیں، لہذا وہ لوگ سمجھ لیں کہ کسی بھی طرح کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو دہشت پسند افراد چوٹ نہیں پہنچا سکتے۔ ہمارے ملک کے باشندے ہزاروں سال سے آپس میں شیر وشکر کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ باہمی اتفاق کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہوئے آئے ہیں۔ ہمارے ملک کی سالمیت اور بھائی چارے کو کبھی کسی بدنظر کی بدخواہی چوٹ نہیں پہنچا سکتی، ہمارے ملک کے باشندوں کی حب الوطنی اور آپسی یگانگت شیشہ پلائی ہوئی دیوار کے طرح مضبوط اور متحد ہے۔
آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی صدر عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ بھارت کثرت میں وحدت مثال کا عالمی سطح پر منفرد ملک ہے۔ جہاں مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے لوگ صدیوں سے ایک گلستان کی طرح مل جل کر رہتے آرہے ہیں۔ بھارت عالمی طاقت کے طور پر ابھرے اس کے لئے ضروری ہے کہ یہاں آپسی اتحاد اور بھائی چارے کو برقرار رکھا جائے تاکہ دنیا بھر میں ملک کی اچھی تصویر ابھرے، ہمارا ملک بھارت سدبھاونا کی اچھی مثال ہے یہاں سبھی مذاہب اور فرقوں کے لوگ مل جل کر ہمیشہ سے رہتے اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپسی بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت اور ہر بھارتی کی ذمہ داری ہے۔ بھارت کے ہر باشندہ کو ملک کی سالمیت کیلئے سامنے آکر ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ملک میں پائیدار ترقی کے لئے امن آپسی بھائی چارہ ضروری ہے۔ غربت عدم مساوات جانبداری اور نفرت سماجی برائیوں سے بچنا چاہئے، عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ آل انڈیا مہیلا امپارٹمنٹ پارٹی کی کل ہند صدر وہی شخصیت ہیں جنہوں نے اری (کشمیر) بم دھماکوں میں شہید فی جوانوں کے لئے ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے شہید فوجی جوانوں کے وقار کیلئے دہلی کے تاج ہوٹل میں مدعو کیا تھا، اور شہید فوجی جوانوں کے پریوار والوں کو پانچ پانچ لاکھ روپئے کا چیک ، اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے پندرہ ہزار روپئے ماہانہ خرچ دینے کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ اگر ہم آج ملک میں پرامن طریقے سے زندگی بسر کر رہے ہیں تو وہ ہماری افواج کی مرہون منت ہے، کیونکہ اگر ان فوجی سپاہیوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ملک کے سرحدوں کا تحفظ نہیں کیا ہوتاتو ہم جس طرح پرامن ماحول میں دیش کے اندر زندگی بسر کرتے ہیں وہ نہیں کر پاتے۔ لہذا ہم کو اپنے دیش کے فوجیوں پر اور ان کے تحفظاتی اقدامات کی ستائش کرنی ہوگی۔جے ہند