Blog National قومی خبریں

ہیرا گروپ سرمایہ کاروں کا ملک کے اعلیٰ عہدیداروں کو خط

انفارسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی غیر قانونی نیلامی کیخلاف احتجاج

نئی دہلی (نیوز رپورٹ : مطیع الرحمن عزیز) – ہیرا گروپ آف کمپنیز کے سرمایہ کاروں نے انفارسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے کمپنی کی جائیدادوں کی مبینہ غیر قانونی نیلامی اور بغیر عدالتی ٹرائل کے کارروائیوں کے خلاف ملک کے اعلیٰ عہدیداروں کو ایک تفصیلی خط لکھ کر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرمایہ کاروں نے صدر جمہوریہ، چیف جسٹس آف انڈیا، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ، وزیر قانون، اور اپوزیشن لیڈر سے انصاف کی فوری اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ای ڈی کی من مانی کارروائیوں کو روکا جائے اور لاکھوں سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، جو ہیرا گروپ کے ساتھ برسوں سے وابستہ ہیں۔ ہیرا گروپ آف کمپنیز نے گزشتہ 25 سالوں کے دوران اپنی شاندار کارکردگی سے لاکھوں سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ ہیرا گروپ آف کمپنیز نے نہ صرف ملک کی معاشی ترقی میں حصہ ڈالا بلکہ غریبوں، یتیموں، بیواوں اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ کمپنی کی سی ای او ڈاکٹر نوہیرا شیخ کو ان کی سماجی خدمات اور ملک کی معاشی ترقی میں کردار کے لیے سراہا جاتا رہا ہے۔ تاہم، سرمایہ کاروں کے مطابق، چند غیر سماجی عناصر نے کمپنی کے خلاف سازش رچی، جس کے نتیجے میں اسے قانونی چارہ جوئی اور تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا۔ خط میں کہا گیا کہ ہیرا گروپ کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہ ملنے کے باوجود کمپنی کی سی ای او کو گرفتار کیا گیا اور ملک بھر میں وسیع پیمانے پر تحقیقات کی گئیں۔ سرمایہ کاروں کا دعویٰ ہے کہ یہ سب ایک منظم سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد ہیرا گروپ کی ترقی کو روکنا اور اس کے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچانا ہے۔
سرمایہ کاروں نے اپنے خط میں واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے ہیرا گروپ کے معاملے کو پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کورٹ میں ٹرائل کے ذریعے آگے بڑھانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم، ای ڈی نے اس حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے پی ایم ایل اے کورٹ میں مقدمہ یا ٹرائل کے بغیر ہیرا گروپ کی جائیدادوں کو کم قیمتوں پر نیلام کرنا شروع کر دیا۔ سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ اس سے لاکھوں سرمایہ کاروں کے مالی مفادات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ای ڈی کی جانب سے جائیدادوں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے سے نہ صرف کمپنی کے سرمایہ کاروں بلکہ شکایت کنندگان کو بھی ان کا جائز حق حاصل نہیں ہو سکے گا۔ خط میں کہا گیا کہ ای ڈی کی یہ من مانی کارروائیاں انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں اور اس سے ملک میں قانون کی حکمرانی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں نے اپنے خط میں کئی اہم نکات اٹھائے ہیں، جن میں درج ذیل شامل ہیں۔ سرمایہ کاروں نے الزام لگایا کہ سیریئس فراڈ انویسٹیگیشن آفس (ایس ایف آئی او) کی جانب سے جمع کرائی گئی فہرستوں میں ایک ہی شخص کے نام کو دو سے چار بار شامل کر کے شکایت کنندگان کی تعداد اور رقم کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کی مکمل اور شفاف جانچ کی جائے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔
سرمایہ کاروں نے بتایا کہ ہیرا گروپ کے ساتھ تقریباً ایک لاکھ بہتر ہزار سرمایہ کار وابستہ ہیں، جن میں سے صرف دو سے تین ہزار افراد نے شکایات درج کی ہیں۔ باقی لاکھوں سرمایہ کار کمپنی کے ساتھ ہیں اور اس پر برسوں سے اعتماد رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چند افراد کی شکایات کی بنا پر پوری کمپنی اور اس کے سرمایہ کاروں کو سزا دینا ناانصافی ہے۔ سرمایہ کاروں نے دعویٰ کیا کہ ہیرا گروپ کے خلاف ایک منظم سازش کی گئی ہے، اور اس کے درجنوں ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ غیر سماجی عناصر ملک کی ترقی اور خوشحالی سے ناخوش ہیں اور وہ ہیرا گروپ جیسے اداروں کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ سرمایہ کاروں نے زور دیا کہ پی ایم ایل اے کورٹ میں منصفانہ ٹرائل کے بغیر کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ٹرائل کے جائیدادوں کی نیلامی سے لاکھوں سرمایہ کاروں کی زندگیاں تباہ ہو جائیں گی، اور یہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
سرمایہ کاروں نے اپنے خط میں صدر جمہوریہ، چیف جسٹس آف انڈیا، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ، وزیر قانون، اور اپوزیشن لیڈر سے اپیل کی کہ وہ اپنی طاقت اور اختیار کا استعمال کرتے ہوئے ای ڈی کی غیر قانونی کارروائیوں کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیرا گروپ اور اس کی سی ای او ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے اپنی زندگی ملک کی ترقی اور کمزور طبقات کی فلاح کے لیے وقف کی ہے۔ انہوں نے غریبوں، یتیموں، بیواوں اور بزرگوں کے لیے بے لوث خدمات انجام دی ہیں، اور ان کی کمپنی نے ملک کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سرمایہ کاروں نے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کروائیں، ای ڈی کی من مانی کارروائیوں کو روکیں، اور پی ایم ایل اے کورٹ میں منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف لاکھوں سرمایہ کاروں کے حقوق کی حفاظت ہوگی بلکہ ملک عالمی سطح پر فخر سے سر بلند کرے گا۔ اختتام میں سرمایہ کاروں نے دعا کی کہ عزت مآب عہدیدار انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں اور ہیرا گروپ کے سرمایہ کاروں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دعائیں ان عہدیداروں کے ساتھ ہیں جو ملک کی ترقی، غریبوں کی فلاح، اور انصاف کے قیام کے لیے کام کریں گے۔

Related posts

My fight will be against injustice and oppression

Paigam Madre Watan

The annual convocation of Jamia Niswan Al-Salafiya Tirupati has concluded with resounding success, marking another milestone in its distinguished academic journey.

Paigam Madre Watan

پتھر کے تندور میں تیار پزا لکھنؤ والوں کو دستیاب ہوگا،حبیب اللہ اسٹیٹ میں ’ٹروکوس‘ کا افتتاح

Paigam Madre Watan

Leave a Comment