Education تعلیم

محمد امین نواز کی جانب سے لاوانیا کی تہنیت: دہم میں اول، اردو میں 125/125 نمبرات

بنگلورو۔  گورنمنٹ اردو ہائی اسکول بھاتمبرا، تعلقہ بھالکی، ضلع بیدر کی ہونہار و محنتی طالبہ لاوانیا بنت گنڈپا نے جماعتِ دہم کے سالانہ امتحانات میں نمایاں اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ادارے میں اول مقام (ٹاپر) حاصل کیا بلکہ اردو مضمون میں 125 میں سے مکمل 125 نمبرات حاصل کر کے ایک قابلِ رشک تعلیمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر علمی و ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس پُر مسرت موقع پر کرناٹک اردو اکادمی کے معزز رکن جناب محمد امین نواز (بیدر) نے طالبہ کی اس درخشاں کامیابی پر دلی مسرت و اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی گلپوشی و شالپوشی کی اور ایک یادگاری مومنٹو پیش کر کے انہیں زبردست تہنیت پیش کی۔ اس تقریب میں خوشی و افتخار کے جذبات نمایاں طور پر محسوس کیے گئے اور طالبہ کی کامیابی کو اردو میڈیم کی ایک اہم اور تاریخی کامیابی قرار دیا گیا۔ اپنے خطاب میں محمد امین نواز نے کہا کہ لاوانیا بنت گنڈپا کی یہ کامیابی اس حقیقت کا روشن ثبوت ہے کہ محنتِ شاقہ، خلوصِ نیت اور زبان سے قلبی وابستگی انسان کو بلند ترین منازل تک پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے اس امر کو خاص طور پر سراہا کہ لاوانیا کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے جہاں روزمرہ زندگی میں کنڑا زبان کا استعمال ہوتا ہے اور ان کی مادری زبان بھی کنڑا ہی ہے، مگر اس کے باوجود انہوں نے اردو زبان سے غیر معمولی شغف اور والہانہ محبت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ابتدائی جماعت سے ہی اردو میڈیم میں تعلیم حاصل کرنے کا عزم کیا اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تعلیمی راہ پر گامزن رہیں، جس کا نتیجہ آج ایک شاندار کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ محمد امین نواز نے مزید کہا کہ لاوانیا کی یہ امتیازی کامیابی اردو میڈیم سے وابستہ طلبہ و طالبات کے لیے ایک روشن مثال اور باعثِ ترغیب ہے۔ ایسے باصلاحیت طلبہ نہ صرف اپنی انفرادی قابلیت کا لوہا منواتے ہیں بلکہ اردو زبان کی ترویج و اشاعت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اردو تنظیموں، تعلیمی اداروں اور زبانِ اردو کے فروغ کے لیے سرگرم حلقوں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ لاوانیا جیسی ذہین و باصلاحیت طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں تاکہ مزید طلبہ اردو میڈیم کی جانب راغب ہوں اور تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔ اس تقریب میں گورنمنٹ اردو اسکول بھاتمبرا کے میرِ معلم، لاوانیا کی والدۂ محترمہ، ریاستی وزیر برائے بلدیاتی نظم و نسق و حج امور محمد رحیم کے بھائی محمد عزیز خان کے علاوہ دیگر معزز شخصیات بھی شریک رہیں۔ تقریب کے دوران تمام حاضرین نے لاوانیا کی اس شاندار کامیابی پر دلی خوشی اور فخر کا اظہار کیا اور ان کے روشن و تابناک مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Related posts

شاہین ادارہ جات کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر کوا سکاؤٹس اینڈ گائیڈز آف انڈیا کی جانب سے ‘سلور ایلیفینٹ’ قومی ایوارڈ سے نوازا گیا

Paigam Madre Watan

اُردو یونیورسٹی میں داخلوں کا آغاز

Paigam Madre Watan

قومی تعلیمی پالیسی 2020 پر اورینٹیشن پروگرام کا آغاز

Paigam Madre Watan