نینو ٹیکنالوجی، ایڈوانس انرجی اسٹوریج اور مٹیریل سائنس میں نمایاں تحقیقی خدمات کا اعتراف
جامعہ محمدیہ المعروف منصورہ کے زیرِ اہتمام جاری مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دے رہے ڈاکٹر ساجد نعیم کو یومِ اساتذہ کے موقع پر تعلیمی سال 2025 کے لیے ’’بیسٹ ریسرچر ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔
یہ باوقار اعزاز ڈاکٹر ساجد نعیم کی مسلسل تحقیقی سرگرمیوں، بین الاقوامی سطح پر شائع ہونے والے تحقیقی مقالہ جات اور علمی و تحقیقی میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں جامعہ محمدیہ کے معزز سیکریٹری جناب راشد ارشد مختار صاحب کی جانب سے پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ادارے کے معزز چیئرمین جناب ارشد مختار صاحب نے بھی ڈاکٹر ساجد نعیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نیز، جامعہ محمدیہ کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے میں تحقیق، اختراع اور اعلیٰ معیار کی تعلیم کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر ساجد نعیم مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نینو ٹیکنالوجی، ایڈوانس انرجی اسٹوریج ٹیکنالوجی اور میٹیریل سائنس کے شعبوں میں ان کی تحقیقی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
تعلیمی سال 2025 کے دوران ڈاکٹر ساجد نعیم کے 16 تحقیقی مقالے بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں شائع ہوئے، جبکہ ایک پیٹنٹ بھی رجسٹرڈ ہوا۔ ان کے متعدد تحقیقی مقالے ایس سی آئی اور اسکوپس انڈیکسڈ جرائد میں شائع ہوئے ہیں، جن میں ایلسویر، وائی لی، اسپرنجر، نیچراور دیگر معروف بین الاقوامی پبلشرز کے جرائد شامل ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ تعلیمی سال 2024 میں بھی ڈاکٹر ساجد نعیم کو ’’بیسٹ ریسرچر‘‘ کے اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔ اس وقت ان کے 19 تحقیقی مقالے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوئے تھے۔ ڈاکٹر ساجد نعیم نے الیکٹرانکس کے شعبے میں پی ایچ ڈی ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی سے مکمل کی ہے۔
ڈاکٹر ساجد نعیم ایک دینی، علمی اور تعلیمی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والدِ محترم، انصاری احسان الرحیم، مالیگاؤں کے معروف اور سینئر صحافی ہیں، جبکہ ان کے برادرِ اکبر، ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ممبئی ہائی کورٹ کے معروف وکیل ہیں۔ علمی، صحافتی اور قانونی پس منظر رکھنے والے اس خانوادے نے ڈاکٹر ساجد نعیم کی علمی و تحقیقی شخصیت کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے
ڈاکٹر ساجد نعیم کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی علمی و تحقیقی کاوشوں کا اعتراف ہے بلکہ مالیگاؤں جیسے اقلیتی شہر میں اعلیٰ تعلیم، جدید تحقیق اور عالمی سطح کی علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی ایک قابلِ فخر مثال ہے۔ ان کی تحقیقی کامیابیاں نوجوان طلبہ و محققین کو جدید سائنسی شعبوں میں تحقیق کے لیے آگے بڑھنے اور عالمی سطح پر اپنی علمی شناخت بنانے کی ترغیب فراہم کر رہی ہیں۔
اس موقع پر مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے ڈاکٹر شاہ عقیل احمد (پرنسپل، انجینئرنگ کالج)، ڈاکٹر یعقوب انصاری (پرنسپل، پالی ٹیکنیک)، ڈاکٹر سلمان بیگ (ڈین اکیڈمکس)، ڈاکٹر دلاور حسین، ڈاکٹر فہد اقبال، پروفیسر سعود محوی، پروفیسر فیضان احمد، پروفیسر عدیل انصاری، پروفیسر شاہ فیصل سمیت تمام اساتذہ و اسٹاف نے ڈاکٹر ساجد نعیم کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

