امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کی شیخ عبدالرحمن السدیس سے ملاقات
مدینہ منورہ میں عالمی کانفرنس میں شرکت، ”فکری انحراف کے سدباب“ پر علمی و تحقیقی مقالہ پیش
دہلی (رپورٹ: مطیع الرحمن عزیز) مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم فضیلة الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ نے جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے زیر اہتمام 27 اور 28 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والی دو روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی، جس کا عنوان ”فکری انحراف کے سدباب کے سلسلے میں سعودی عرب کی مساعی“ تھا۔ عالمی کانفرنس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے علمائ، دانشوران، محققین اور جامعات سے وابستہ علمی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں فکری انحراف، اس کے اسباب و اثرات اور اس کے سدباب کے لیے علمی، تعلیمی اور فکری سطح پر کی جانے والی کوششوں کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو اور تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر فضیلة الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ نے ”فکری انحراف کے سدباب کے سلسلے میں سعودی عرب کی یونیورسٹیوں کے فارغین کی مساعی“ کے موضوع پر اپنا گراں قدر علمی و تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے مقالے میں سعودی عرب کی جامعات سے فارغ ہونے والے علماءو فضلاء کی علمی، دعوتی اور فکری خدمات اور معاشرے میں مثبت فکری شعور پیدا کرنے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے دوران فضیلة الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ نے حرمین شریفین کے دینی امور کے صدر ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس حفظہ اللہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف دینی، علمی اور فکری امور پر خوشگوار ماحول میں تبادلۂ خیال ہوا۔ دونوں جانب سے امت مسلمہ میں علمی و دینی شعور کے فروغ اور اعتدال و صحیح فکری رہنمائی کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔

اس ملاقات کو علمی و دینی حلقوں میں اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً اس تناظر میں کہ عالمی کانفرنس کا بنیادی موضوع عصر حاضر میں پیدا ہونے والے فکری انحرافات کے سدباب اور ان کے مقابلے کے لیے علمی و فکری مساعی سے متعلق تھا۔ کانفرنس کے دوران فضیلة الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ کی شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز بن حمید، مدیر وحدة التوعیة الفکریة فی الامانة العامة لمجلس الشﺅن الجامعة، سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر صدارتِ اجلاس کے دوران شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز بن حمید کے ہاتھوں ان کی تکریم بھی کی گئی۔
دو روزہ عالمی کانفرنس میں فکری انحراف کے مختلف پہلوؤں، نوجوان نسل کی فکری تربیت، جامعات کے کردار، علمی و تحقیقی سرگرمیوں اور معاشرے میں درست دینی و فکری شعور کے فروغ جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔ مقررین اور شرکاءنے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ فکری چیلنجز کا مقابلہ علمی تحقیق، تعلیم، دعوت اور مثبت فکری رہنمائی کے ذریعے کیا جائے۔ فضیلة الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ کی اس عالمی علمی کانفرنس میں شرکت اور مقالے کی پیشکش کو مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی علمی و دعوتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی شرکت سے ہندوستان اور سعودی عرب کے علمی و دینی حلقوں کے درمیان علمی روابط اور باہمی تبادلۂ خیال کی اہمیت بھی نمایاں ہوئی۔


