سیلاب کے سبب نچلے علاقوں کی فصلیں زیر آب آنے سے کئی کسان خاندانوں کی روزی روٹی پر سنگین بحران منڈلا رہا ہے: سنجیو جھا
نئی دہلی، 8 ستمبر: دہلی میں آئے سیلاب کے سبب نچلے علاقوں میں جمنا ندی کا پانی بھر جانے کے باعث فصلیں ڈوب گئی ہیں اور اس سے سینکڑوں کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ کسانوں کے سامنے روزگار کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔ لہٰذا اس صورتحال سے نجات دلانے کے لیے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اور چیف وہِپ سنجیو جھا نے پیر کو وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو خط لکھا ہے اور فصلوں کے نقصان کے ازالے کے لیے کسانوں کو جلد از جلد معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سنجیو جھا نے کہا کہ جمنا ندی میں آئے سیلاب کے باعث بُراڑی سمیت دہلی کے نچلے علاقوں میں کسانوں کی فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ اس آفت سے کئی کسان خاندانوں کی روزی روٹی پر سنگین بحران آگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے گزارش ہے کہ متاثرہ کسانوں کی فصلوں کا فوراً خصوصی سروے ٹیم کے ذریعے جائزہ لیا جائے اور تباہ شدہ فصلوں کا تخمینہ لگا کر کسانوں کو فوری معاوضہ اور ریلیف رقم دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ وقت میں بھی حکومت نے ایسی ہی صورتحال میں کسانوں کو راحت فراہم کی تھی۔ امید ہے کہ اس بار بھی ہمارے کسانوں کو بروقت مدد ملے گی۔بُراڑی سے آپ کے رکن اسمبلی اور چیف وہِپ سنجیو جھا نے پیر کو دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو خط لکھ کر جمنا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی سے بُراری اسمبلی حلقے کے کسانوں کی فصل تباہ ہونے پر مدد فراہم کیے جانے کی اپیل کی ہے۔ خط میں سنجیو جھا نے وزیر اعلیٰ سے کہا ہے کہ حالیہ دنوں جمنا ندی کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے پانی بھراؤ کے سبب بُراڑی اسمبلی حلقے کے تحت بڑے پیمانے پر کسانوں کی فصلیں ڈوب کر تباہ ہوگئی ہیں۔ اس آفت سے علاقے کے متعدد کسان خاندانوں کی روزی روٹی پر سنگین بحران کھڑا ہوگیا ہے۔ کسانوں کی یہ محنت کئی مہینوں کی انتھک مشقت کا نتیجہ تھی جو اچانک آنے والی اس قدرتی آفت سے ضائع ہوگئی۔ اس سے سینکڑوں کسان خاندانوں کی آمدنی رک گئی ہے اور ان کی مالی حالت نہایت خستہ ہوگئی ہے۔سنجیو جھا نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلی حکومت نے بھی اسی طرح کی صورتحال میں فوری خصوصی سروے کروا کر متاثرہ کسانوں کو معاوضہ اور ریلیف رقم فراہم کی تھی، جس سے کسانوں کو بروقت راحت ملی تھی۔ لہٰذا وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے درخواست ہے کہ وہ بھی فوراً بُراری اسمبلی حلقے کے متاثرہ کسانوں کا خصوصی سروے کرائیں۔ تباہ شدہ فصلوں کا تخمینہ لگا کر کسانوں کو فوری مناسب معاوضہ اور ریلیف رقم جلد فراہم کی جائے۔