نئی دہلی، ملک کی راجدھانی دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسے قابو میں کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی بی جے پی حکومت پر ہر طرف تنقید ہو رہی ہے، جس سے وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا بوکھلا گئی ہیں۔ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں اب وہ بھگوان بدھ کی سکھائی ہوئی وِپَشَّنا سادھنا کا ہی مذاق اڑانے لگی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا کی جانب سے ہر سال وِپَشَّنا کرنے جانے کو بھاگ جانا کہنے پر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے سخت ردِعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان بدھ کی سکھائی ہوئی اس سادھنا کا مذاق اڑانا آپ کو زیب نہیں دیتا۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیرِ اعلیٰ کو مشورہ دیا کہ آپ بھی وِپَشَّنا کیجیے، آپ کو بہت سکون ملے گا۔اروند کیجریوال نے وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا کے اس بیان کی ویڈیو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مجھ سے سیاسی عداوت ہو سکتی ہے، لیکن اس کی وجہ سے بھگوان بدھ کی سکھائی ہوئی وِپَشَّنا سادھنا کا اس طرح مذاق اڑانا آپ کو زیب نہیں دیتا۔ آپ بھی ایک بار ضرور وِپَشَّنا کیجیے۔ آپ کو بہت اچھا لگے گا اور بے پناہ سکون کا تجربہ ہوگا۔ وِپَشَّنا کرنے جانا بھاگ جانا نہیں کہلاتا۔ بڑے نصیب والوں کو وِپَشَّنا نصیب ہوتی ہے۔ سب کا بھلا ہو۔ادھر عام آدمی پارٹی کے دہلی پردیش کنوینر سوربھ بھاردواج نے بھی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکھا جی، پہلے آپ نے بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویریں ہٹائیں، پھر آپ نے بابا صاحب امبیڈکر کے نام سے منسوب اسکولوں کے نام بدل کر وزیرِ اعلیٰ کے نام پر رکھ دیے۔ اس کے بعد آپ نیتاجی سبھاش چندر بوس کے نام کا مذاق اڑا رہی تھیں، اور اب آپ گوتم بدھ اور ان کی وِپَشَّنا کی توہین کر رہی ہیں۔ آپ کو اے کیو آئی تک بولنا نہیں آتا، آپ کو اے کیو آئی اور درجہ حرارت میں فرق تک معلوم نہیں۔ آپ نے اے کیو آئی میں بھی دھاندلی کی، جعلی یمنا بنا کر فریب کیا۔ گزارش ہے، ذرا کم بولیے اور کام کیجیے۔سوربھ بھاردواج نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا، اروند کیجریوال کی کھانسی کا مذاق اڑا سکتی ہیں، لیکن آج پوری دہلی غیر معمولی کھانسی میں مبتلا ہے۔ دہلی کے معروف پلمونولوجسٹ ڈاکٹر کھلنانی کے مطابق آلودگی کی صورتحال نہایت سنگین ہے۔ برونکائٹس، دل سے متعلق مسائل اور سانس کی بیماریاں اب صحت مند لوگوں کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ اتوار کے روز دہلی میں فضائی آلودگی انتہائی دم گھونٹنے والی رہی۔ اے کیو آئی 450 سے تجاوز کر گیا۔ زہریلی فضا میں لوگوں کو سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔ اس کے باوجود بی جے پی حکومت کی جانب سے آلودگی کم کرنے کے لیے بڑی بڑی باتوں کے سوا کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آتی۔ عام آدمی پارٹی مسلسل بی جے پی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ آلودگی کے مسئلے پر سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں، لیکن حکومت آلودگی کے وجود کو تسلیم کرنے تک کو تیار نہیں ہے، جبکہ آلودگی سے پریشان دہلی کے عوام کئی بار سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر چکے ہیں۔

