نیو دہلی 16- فروری( نمائندہ) قومی یکجہتی اور تہذیبی ہم آہنگی کے فروغ کے مقصد سے بھارت بھارتی تنظیم نے وزارتِ ثقافت (حکومتِ ہند) اور نوچیتنا سوبھیمان چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے اشتراک سے شری ماتا وشنودیوی یونیورسٹی میں“ایک بھارت۔ شریشٹھ بھارت” قومی یکجہتی وثقافتی اعزاز تقریب کا باوقار انعقاد کیا۔ تقریب مردِ آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یومِ پیدائش کی یاد کے طور پر منعقد کی گئی، جنکی مدبرانہ قیادت نے 562 نوابی ریاستوں کومتحد کر کے ہندوستان کی قومی سالمیت کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔تقریب میں جموں و کشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والی ممتاز علمی، سماجی، ادبی اورثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ وہیں پروگرام اتحاد میں کثرت کے عملی اظہار کے طور پر منعقد ہوا، جس میں قومی یکجہتی، باہمی رواداری اور مشترکہ تہذیبی ورثے کونمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رضوان قادری (رکن، وزیراعظم میوزیم نئی دہلی) نے اپنے خطاب میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی سیاسی بصیرت اور عزم نے ملک کو انتشار سے بچایا اور قومی اتحاد کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سردارپٹیل صاحب کی جدوجہد آج بھی نوجوان نسل کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر (ڈاکٹر) پرگتی کمار ( وائس چانسلر)نے طلبہ کو ملک کی تاریخ اور عظیم رہنماؤں کی قربانیوں سے آگاہی حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ باشعور اور ذمہ دارشہری بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب میں ہندوستان کی متنوع ثقافتی روایات کی عکاسی کرتی رنگارنگ پیشکشیں بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر تعلیم، سماجی خدمت، قانون، فنونِ لطیفہ، حیوانی فلاح، ثقافتی ہم آہنگی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
دراصل اعزاز حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر انیشا تیواری (حیوانی جلدی امراض میں نمایاں خدمات)، محترمہ انجو بنسل (تعلیم و سماجی بہبود)، انجینئر اشوک سنگھ (فن و ثقافت کے ذریعے امن کافروغ)، ایڈوکیٹ رمنش بلاوریا (عوامی پالیسی و سماجی انصاف)، محترم پرکاش چند اہروار (سماجی ہم آہنگی)، گودھم کیریاں گنڈیال سیواسمیتی (مقامی مویشیوں کے تحفظ)، جناب راجندر پرشاد ککّر (تجارتی وسماجی قیادت)، ڈاکٹر کلدیپ رینہ (ثقافتی انضمام) اور پروفیسر ایم۔ اے۔ وانی (اعلیٰ تعلیم میں نمایاں خدمات) شامل تھے۔تقریب کی کامیابی میں بھارت بھارتی جموں کی صدر سمت وجیہ گپتا کی قیادت میں تنظیمی اراکین نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر شمالی ہند کے انچارج الحاج محمد عرفان احمد نے حاضرین کو ذمہ دار شہریت کاحلف دلاتے ہوئے کہا کہ پانی و بجلی کی بچت، ٹریفک قوانین کی پابندی، صفائی کا اہتمام اور والدین واساتذہ کا احترام مضبوط قوم کی بنیاد ہیں۔
بتا دیں کہ تقریب قومی یکجہتی کے عزم کی تجدید کیساتھ اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے ایک مضبوط، متحد اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کیلئے عملی کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں قومی صدر ونئے بھائی پاترالے، قومی تنظیمی سیکریٹری جگن ناتھ کنجبہاری، پروفیسر کل بھوشن، ندھی شرما ڈوگرا، رن وجے سنگھ، آر سی شرما، اعجاز الٰہی و دیگر کے اسمائے گرامی قابل قدر ہیں۔
Related posts
وزیر آتشی نے ریونیو اور ایریگیشن کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے سینئر افسران کے ساتھ یمنا بازار اور پرانا پل علاقوں میں سیلاب کی تیاریوں کا معائنہ کیا
Click to comment

