مالیرکوٹلہ 20؍مئی(صادق تھند)ماں بولی پنجابی ساہت سبھا پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب اردواکیڈمی، مالیرکوٹلہ کے باہمی اشتراک کے ساتھ پہلی ادبی تقریب’’ کتب کی رسم اجراء اورمشاعرے‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔اس ادبی تقریب کی تفصیل بیان کرتے ہوئے صدرجسپریت کورگُرنا اور نائب صدرآصف علی مہندرونے مشترکہ طور پر کہا کہ اس تقریب میں کل چار کتب کی رسم اجراء کی گئی۔ جن میں گورمیجرسنگھ کی ــ’’اک چن تے دوسورج‘‘، جسپریت کورگُرنا کی مرتب کردہ ’’میں تیرے سنگ‘‘، جسپریت کورگُرنا اور جسونت گریوال کی مرتب کردہ ’’عورت کی چاہندی ہے؟‘‘ اور ہردیپ سنگھ راجو منڈیر(پٹواری) کے ناول ’’روح سفر:سکون قلم‘‘ شامل ہیں۔ کتب کی رسم اجراء کے بعد مشاعرے (کوی دربار) کا انعقاد کیاگیا جس میں پنجاب بھر سے تشریف لائے سو (100) کے قریب شعراء نے اپنی شاعری سے خوب داد تحسین حاصل کی۔
اس ادبی تقریب میں بطور مہمان خصوصی ڈاکٹرمحمدجمیل الرحمن ، ایم ایل اے، مالیرکوٹلہ اور وائس چیئرمین، پنجاب اردواکیڈمی نے شرکت کی۔ انہوں نے تنظیم کی ادبی کاوشوں اور کوششوں کی خوب سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ سماج کی بہتری اور آپسی بھائی چارے کے لیے اچھی کتب کی بڑی اہمیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مادری زبان پنجابی کے فروغ و تحفظ کے لیے ہم سب کو مل کر جدجہد کرنی چاہیے۔ مہمان خاص نے اس ادبی ماحول میں اپنے کچھ اشعار بھی سامعین کے گوشوار کیے۔ اس ادبی پرگرام کی صدارت کے لیے گورچرن کور کوچر، مول چندشرما، بلدیو سنگھ دھالیوال، سربجیت کورڈھلوں ، ہردیپ سنگھ راجو منڈیر پٹواری، جسویر رانا اور کندا جواہرکے نے شرکت کی۔ رسم اجراء اور مشاعرے کو کامیاب بنا نے میں محمدصادق تھند، انچارج پنجاب اردواکیڈمی ، ماں بولی پنجابی ساہت سبھا پنجابب کی صدرجسپریت کور گُرنا، نائب صدر آصف علی مہندرو، سرپرست ہردیپ سنگھ راجو منڈیر پٹواری،جنرل سیکریٹری روپندرسنگھ نواہو، خزانچی جسوندرسنگھ کوٹکپورہ، صلاحکار گورمیجر سنگھ، پریس سیکریٹری گوردیپ سنگھ بھاوا کے نام قابل ذکر ہیں۔آخر میں آئے سبھی مہمانان اور شعراء کرام کا اعزاز و کرام کیاگیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض گردیپ سنگھ بھاوا ار ستندرپال کور منڈیر نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

