Delhi دہلی

بی جے پی میں شامل ہونے سے انکار کرنے پر سنجیو اروڑا کے بعد اب "آپ” کے گوا سہ انچارج دیپک سنگلا گرفتار: کیجریوال

نئی دہلی، 18 مئی: گوا میں عام آدمی پارٹی کے سہ انچارج دیپک سنگلا کی گرفتاری پر بی جے پی کے خلاف سخت حملہ کرتے ہوئے "آپ” کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیپک سنگلا کو اس لیے گرفتار نہیں کیا گیا کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا ہے،بلکہ اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ بی جے پی کے خلاف کام کر رہے تھے اور انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ دیپک سنگلا بہادر انسان ہیں اور ملک کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اروند کیجریوال نے سنجیو اروڑا کے حوالے سے کہا کہ سنجیو اروڑا بہت بہادر اور محب وطن انسان ہیں اور پورے پنجاب کو ان پر فخر ہے۔ ادھر "آپ” کی گوا انچارج اور دہلی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف آتشی نے کہا کہ آج ہمارے ملک میں نیٹ کا پرچہ لیک ہو رہا ہے، پٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی قیمتیں روزانہ بڑھ رہی ہیں اور روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مسلسل گرتا جا رہا ہے، لیکن مودی جی کو صرف ایک ہی کام رہ گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈروں پر جھوٹے مقدمات لگا کر انہیں گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز ای ڈی نے "آپ” لیڈر دیپک سنگلا کو گرفتار کیا کیونکہ وہ گوا میں بی جے پی کے خلاف لڑنے کے لیے ایک مضبوط تنظیم تیار کر رہے تھے۔ آتشی نے کہا کہ میں مودی جی سے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ چاہے ہماری پارٹی کے کتنے ہی لیڈروں کو گرفتار کر لیں، ہم ملک کے مفاد میں کام کرتے رہیں گے۔ عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور گوا انچارج آتشی نے مرکزی جانچ ایجنسیوں کے مبینہ غلط استعمال پر بی جے پی کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک نے دیکھا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے ای ڈی کا استعمال ترنمول کانگریس کے خلاف کیا تھا۔ انتخابی مہم چلانے والی ایجنسی "آئی پیک” میں کام کرنے والے لوگوں کو جیل بھیج دیا گیا اور انتخابات سے ٹھیک پہلے ترنمول کانگریس کا پورا ڈیٹا ای ڈی کے ذریعے چرا لیا گیا۔ جیسے ہی انتخابات ختم ہوئے ویسے ہی ان تمام لوگوں کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔ آتشی نے کہا کہ بنگال کے بعد بی جے پی کا اگلا حملہ پنجاب پر ہوا جہاں عام آدمی پارٹی کے لیڈروں پر یکے بعد دیگرے چھاپے مارے گئے۔ جو لیڈر دباؤ میں آکر بی جے پی میں شامل ہو گئے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، لیکن سنجیو اروڑا جیسے لیڈروں کو، جنہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے سے صاف انکار کر دیا، جیل بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد آتشی نے کہا کہ پنجاب کے بعد اب اگلا نشانہ گوا ہے۔ بی جے پی ایسا اس لیے کر رہی ہے کیونکہ وہ اچھی طرح جانتی ہے کہ گوا میں لوگ بی جے پی حکومت سے نفرت کرتے ہیں۔ بی جے پی اس بات سے خوفزدہ ہے کہ فروری میں ہونے والے گوا اسمبلی انتخابات میں یہاں کے لوگ اسے اقتدار سے باہر کر دیں گے۔ عام آدمی پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے گھبرا کر ہی آج عام آدمی پارٹی کے گوا سہ انچارج دیپک سنگلا کے گھر پر ای ڈی کی چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔آتشی نے مزید کہا کہ گوا میں صرف بڑے لیڈروں ہی نہیں بلکہ کئی عام کارکنان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایک عام کارکن یا تنظیمی انچارج پر یہ چھاپے صرف اور صرف ان کا انتخابی ڈیٹا چرانے کے لیے مارے جا رہے ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے ای ڈی نے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے ساتھ کیا تھا۔ سارا ڈیٹا چرا کر بی جے پی کے حوالے کر دیا گیا اور اب وہی کھیل گوا میں دہرایا جا رہا ہے۔ آخر میں آتشی نے بی جے پی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں بی جے پی کو صاف بتا دینا چاہتی ہوں کہ عام آدمی پارٹی نہ تم سے ڈرنے والی ہے اور نہ ہی ای ڈی سے۔ گوا کے لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں کہ گزشتہ 15 برسوں میں بی جے پی نے گوا کی حالت کس طرح بدتر کر دی ہے اور یہاں کے لوگوں کو کس قدر پریشان کیا ہے۔ اب ای ڈی کی یہ فرضی چھاپہ ماریاں بھی گوا میں بی جے پی کو شرمناک شکست سے نہیں بچا سکتیں۔ "آپ” کے سینئر لیڈر اور پنجاب انچارج منیش سسودیا نے ایکس پر کہا کہ ای ڈی، سی بی آئی اور الیکشن کمیشن جیسی اداروں کو اپنے ذاتی غنڈوں کی طرح استعمال کرکے مودی جی اپوزیشن لیڈروں کو انتخابات جیتنے سے روک سکتے ہیں، لیکن ملک کی معیشت اور روپے کی گرتی ہوئی قدر کو نہیں سنبھال سکتے۔سوربھ بھاردواج نے ایکس پر کہا کہ پیر کے روز عام آدمی پارٹی کے گوا سہ انچارج دیپک سنگلا کے گھر پر ای ڈی نے دہلی اور گوا میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ ای ڈی، سی بی آئی، اے سی بی وغیرہ کے ذریعے "آپ” کے لیڈروں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔

Related posts

ہیرا گروپ کی جانچ کرنے والی ایجنسیوں پر دھاندلی کا شبہ

Paigam Madre Watan

हीरा ग्रुप ने अपना ‘ब्याज-मुक्त व्यापार’ पहले की तरह जारी रखा

Paigam Madre Watan

گجرات یونیورسٹی میں طلباء پر تشدد – قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ا یس ڈی پی آئی

Paigam Madre Watan