Blog

پروفیسرکوثرمظہری کی ادبی خدمات لائق تحسین ہیں:پروفیسر اخترالواسع

پروفیسرکوثرمظہری کی ادبی خدمات لائق تحسین ہیں:پروفیسر اخترالواسع
غالب اکیڈمی دہلی میں سبق اردو کے خصوصی شمارے پروفیسر کوثر مظہری کی تقریب رسم اجرا

غالب اکیڈمی بستی حضرت نظام الدین نئی دہلی میں گوپی گنج بھدوہی سے شائع ہونے والے ادبی ماہنامہ ’سبق اردو‘کے پروفیسر کوثر مظہری خصوصی نمبر کی رسم اجراایک باوقار ادبی تقریب میں منعقد ہوئی ۔اس رسالے کے مدیر مشہورادیب وشاعراور صحافی دانش الہ آبادی اور اس خصوصی شمارے کے مہمان مدیرکے طورپر ڈاکٹر خالد مبشرنے اس شمارے کوایڈٹ کیا۔ پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے جلسے کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ کوثر مظہری کی ادبی خدمات کامطالعہ اس لیے ضروری ہے کہ ان کی تخلیق وتنقید نئی نسل کے لیے ایک بیش قیمت فکری سرمایہ ہے۔ان کی شاعری ،فکشن ،تنقید اور ترجمہ اپنے عہد ،معاشرے اور تہذیب کو سمجھنے کاموقع فراہم کرتے ہیں۔تقریب کو خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر شہپررسول نے کہاکہ کوثر مظہری میرے چھوٹے بھائی اور دیرینہ دوست ہیں۔ان کے سروکار علمی وادبی ہیں اوروہ بنیادی طورپر شاعر ہیں۔انہیں اپنی مٹی ،زبان اور تہذیب سے شدید محبت ہے۔مہمان اعزازی ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی نے کہاکہ کوثر مظہری کی شخصیت مقناطیسی ہے۔وہ ہرقسم کی مصنوعیت اور اوڑھی ہوئی علمیت سے پاک ہیں۔پروفیسر شہزاد انجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کوثرمظہری کی زندگی مختلف حادثات اور نامساعد حالات سے گزری ہے لیکن انھوں نے ان سانحات کو علمی اورادبی سفر میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔مہمان مقرر پروفیسر احمد محفوظ نے پروفیسر کوثر مظہری کی علمی وادبی خدمات کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ ان کی تصانیف ،ان کی علمی سنجیدگی اور وسیع مطالعے کی غمازی کرتی ہیں۔پروفیسر محمد کاظم نے پروفیسر کوثر مظہری کی شخصی خصوصیات کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ کوثر مظہری جرأت وجسارت اوربے خوفی وبے باکی کا ایک روشن استعارہ ہیں۔انھوں نے ان کے تنقیدی تیور کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ اب ہماری تنقید کوثر مظہری کی سی غیر جانب داری اور بے تعصبی سے محروم ہوچکی ہے۔اس موقع پر نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ڈاکٹر معین شادا ب نے کوثر مظہری کی شخصیت اور فن پر مفصل روشنی ڈالی ۔انھوں نے کہاکہ کوثر مظہری کی تنقید اردو کے ایک منفرد جہت سے آشناکرتی ہے۔استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے ’سبق اردو‘ کے اس خصوصی شمارے کے مہمان مدیر ڈاکٹر خالد مبشرنے کہا کہ استاد گرامی کوثر مظہری پر اس خصوصی شمارے کی ادارت سونپنے کے لیے میں رسالے کے مدیر دانش الہ آبادی کاتہہ دل سے ممنون ہوں۔ اس شمارے کی ادارت میرے لیے ایک بڑی سعادت ہے۔تقریب کااختتام ڈاکٹر خان رضوان کے اظہار تشکرپر ہوا۔اس موقع پر سعداللہ احسان ندوی، عبداللہ احسان اور پروفیسر محمدعلیم نے نہال پیشی سے مہمانان کااستقبال کیا۔پروفیسر اختر الواسع نے صاحب اعزاز پروفیسر کوثر مظہری کی شال پوشی کی۔اس جلسے میں ڈاکٹر نگارعظیم ،ڈاکٹر ایس ڈبلیو آر جاوید،ڈاکٹر ارشد جمال صارم ،جمشید عادل عدیل ،پروفیسر رحمن مصور،پروفیسر سرورالہدی، ڈاکٹرسید تنویرحسین،ڈاکٹرشفیع ایوب،ڈاکٹر مشیر احمد،ڈاکٹر محمد مقیم ،ڈاکٹرجاوید حسن،ڈاکٹر شاداب تبسم ،ڈاکٹرمحمد آدم،ڈاکٹرثاقب عمران، ڈاکٹرعبدالعلام،ڈاکٹرنوشاد منظر،ڈاکٹر زاہد ندیم، ڈاکٹرقرۃ العین،ڈاکٹرشہنواز فیاض،ڈاکٹرمخمور صدری ، ڈاکٹرثاقب فریدی،ڈاکٹر محضر رضا، ڈاکٹرمعاذ احمد،زین العابدین ہاشمی،سفیر صدیقی،عبدالرحمن عابدوغیرہ موجود تھے۔اس کے علاوہ دہلی یونیورسٹی اور جے این یو کے اسکالرز بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

Related posts

"حیدرقریشی کا تعارف ” پر محترمہ نجیدہ نظربائیوا کی بہترین کوشش : کتاب دستیاب ہوئی : مطیع الرحمن عزیز

Paigam Madre Watan

ایک درویش صفت سیاست داں جو ہم جدا ہوگیا : ڈاکٹرعبداللہ فیصل

Paigam Madre Watan

والد کے ہاتھوں فرزند کی کتاب "امت کی مجموعی ترقی کا لائحہ عمل” کا اجراء

Paigam Madre Watan