مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کااعلیٰ سطحی راحتی وفدصوبائی جمعیت اہل حدیث آسام کے ساتھ آسام کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں
7/اگست 2026
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا اعلی سطحی راحتی وفدزیر قیادت امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی و ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی آسام کے دورہ پرہے۔یہ جانکاری مرکزی جمعیت اہل حدیث سے ذرائع ابلاغ کے نام جاری ایک بیان میں دی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ کل بتاریخ 6/اگست 2026مرکزی اعلی سطحی راحتی وفد نے صوبائی جمعیت اہل حدیث آسام کے امیر مولانا حفظ الرحمن مدنی صاحب کی رہنمائی اور مولانا عبدالحکیم، نائب ناظم صوبائی جمعیت عبدالوہاب ،خازن صوبائی جمعیت مولانا عبدالغفور ،امیر ضلعی جمعیت چرانگ شیر علی خان ،نائب امیرکامرو پ مولانا مفید الاسلام اور نائب ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث گوال پاڑہ ،الف علی درنگ وغیرہ کی معیت میں آسام کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں سے سب ساگر ضلع کے مختلف مقامات مثلا ڈھیلا پاڑہ، نیپالی کوٹھے، بیت پاری، ماضی گاؤں وغیرہ کا دورہ کیا اور وہاں کے حالات کا جائزہ لیا،متاثرین کی پرشش احوال کی اور چونکہ بعض جگہیں پوری طرح تباہ وبرباد ہوگئی ہیں ،لوگوں کا سب کچھ سیلاب میں بہہ گیا ہے حتیٰ کہ کھانا پکانے اور کھانے پینے کے لیے برتنوں کی اشد ضرورت ہے، اس لیے مرکزی راحتی وفد نے متاثرین کے مابین گیس چولہا، دیگچی ،پلیٹ گلاس، جگ ، مگ، گملہ، لائٹر، ریگولیٹر، کونڈا وغیرہ اشیاء تقسیم کیں۔
واضح رہے کہ آج بھی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا یہ راحتی وفد دیگرسیلاب متاثرہ مقامات کے دورے پر ہے جہاں حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور متاثرین کے مابین ریلیف کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔بعد ازاں سیلاب متاثرین کی باز آبادکاری کا کام بھی صوبائی جمعیات اور محسنین کے تعاون سے حکمت عملی طے کرکے شروع کیا جائے گا۔ان شاء اللہ
پریس ریلیز کے مطابق سیلاب کی قہر سامانی کے نتیجے میں پیدا شدہ ناگفتہ بہ صورت حال اور متاثرین کی بدحالی کے پیش نظر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم نے عوام و خواص سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر امداد کریں۔مرکزی جمعیت اپنی ریاستی جمعیت کی رہنمائی میں متاثرین کی راحت رسانی اور باز آبادکاری کے لیے پرعزم ہے۔

