مولانا آزاد نیشنل اردو یونیو رسٹی میں”اُڑان: لڑکیو ں کی تعلیم، عزائم اور خود مختاری“ پر زور
حیدرآباد، 25ستمبر (پریس نوٹ) مرکز برائے مطالعات نسواں، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ‘ کی جانب سے ”اُڑان: لڑکیوں کی تعلیم، عزائم اور خود مختاری“کے عنوان سے توسیعی پروگرام کا 24 / ستمبر 2026 کا انعقاد کیاگیا۔
اس پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ ، پروفیسر سید عین الحسن نے کی ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک حقیقی ترقی نہیں کرسکتا جب تک لڑکیوں کو تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم لڑکیوں کو شعور ، خود اعتمادی اور پنے مستقبل کے فیصلے کرنے کی طاقت دیتی ہے۔ ہر لڑکی کو اپنے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو کیمپس کی حدود سے آگے لے جاتے ہوئے معاشرے کے محروم طبقات تک پہنچائیں ۔
اس پروگرام کی کوآڈینٹر،پروفیسر فریدہ صدیقی، ڈائر کٹر ، مرکز برائے مطالعات نسواں، نے” تعلیم ، امنگیں اور طالبات کو بااختیاربنانا “ کے موضوع پر خطاب کیا انہوں نے اپنے خطاب میں لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے، اپنے خوابوں کو بلند رکھنے اور خود پر یقین کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر لڑکی میں آگے بڑھنے اور اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ اپنے حالات اور مشکلات کو اپنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں بلکہ تعلیم ، محنت اور خود اعتمادی کے ذریعے اپنی منزل حاصل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ لڑکیوں کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے اور معاشرے میں با وقار مقام حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ پروفیسر فریدہ صدیقی نے اس موقع پر "Finding Myself” کے عنوان سے پی پی ٹی پریزینٹیشن بھی پیش کیا۔ اور اس موقع پر "Shabeena’s Quest” کے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
اس پروگرام کی مہمان خصوصی ، پروفیسر آمنہ تحسین ، پروفیسر شعبہ تعلیم نسواں ، اور اسوسی ایٹ ڈین، SA&SS ، مانو نے ”کامیابی کی کہانیاں“ کے عنوان سے اپنے سیشن میں حیدرآباد کی معروف شخصیات سیدہ فلک، کراٹیکا۔بین الاقوامی باکسر، نکہت زرین اور سیدہ سلویٰ فاطمہ ، پائیلٹ کی کامیابیوں اورجدوجہد کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے ان مثالوں کے ذریعے لڑکیوں کو پیغام دیا کہ عزم، محنت اور مستقل مزاجی سے مشکلات پر قابو پاکر اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلا جاسکتا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کریں اور زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے پُر عزم رہیں۔پروگرام کے آخر میں لڑکیوں کوتعلیم ، مساوات، خودمختاری کے لیے pledge بھی دلوایا گیا۔

