Articles مضامین

★اویسی کی سیاست پورے ملک کیلئے خطرناک ہوتی جا رہی ہے★ **اویسی اور ان کی ٹیم کی سیاسی اخلاقیات** **زبان کا معیار، دوہرا رویہ اور مسلم قیادت کے وعدوں کا سوال**

★اویسی کی سیاست پورے ملک کیلئے خطرناک ہوتی جا رہی ہے★
**اویسی اور ان کی ٹیم کی سیاسی اخلاقیات**
**زبان کا معیار، دوہرا رویہ اور مسلم قیادت کے وعدوں کا سوال**

*تحریر: لقمان ندوی، ممبئی*

سیاست میں کسی رہنما کی اصل پہچان اس کی تقریروں اور بلند دعووں سے نہیں، بلکہ اس کی زبان، عملی رویے اور مخالفین سے برتاؤ سے ہوتی ہے، اسدالدین اویسی کی خطابت کا ایک عجیب پہلو یہ ہے کہ کبھی کبھی ان کی گفتگو شائستہ اور مطلوب ایشوز پر ہوتی ہے،‌(علمی وفکری تو کبھی نہیں ہوتی) اور کبھی وہی زبان سطحی طنز پر اتر آتی ہے، میرٹھ کی ریلی میں ان سے منسوب یہ جملہ کہ ”داڑھی والے اور مونچھ والے کے اتحاد سے کلین شیو والوں کو تکلیف ہو رہی ہے“ اسی کی ایک مثال ہے، سوال یہ ہے کہ سیاسی اتحاد کی حمایت یا مخالفت میں لوگوں کی ظاہری وضع قطع کو موضوع بنانا کس سیاسی اخلاقیات کا حصہ ہے؟ اختلاف کے لیے دلیل، پالیسی اور نظریہ کافی ہونا چاہیے، ایک قومی سطح کے رہنما سے ایسی زبان کی توقع نہیں کی جاتی، *لیکن چونکہ اسدالدین اویسی صاحب مذہبی پیشوا کی شکل میں خالص سیاستدان ہیں، اور ایسے ہیں (کہ ان میں ایک ایکٹر بھی موجود ہے جو اسکرپٹ کے مطابق ڈائیریکٹر کے اشاروں پر تھرکتا اور پروڈیوسر کی عطاء و بخشش پر نگاہ رکھتا ہے، لہذا ایکٹر سے کچھ بھی متوقع ہے۔*)

اس سے زیادہ توجہ طلب پہلو معیار کی یکسانیت کا ہے، جب کوئی دوسرا رہنما مجلس کے قائدین کے بارے میں ایسا ہی طنز کرتا ہے تو پارٹی کے بعض کارکن اور ترجمان سخت ردِعمل دیتے ہیں اور مخالفین کے لیے توہین آمیز القاب استعمال کرتے ہیں، جو زبان اپنے لیے ناقابل برداشت ہو، وہ دوسروں کے لیے کیسے قابل قبول ہوگئی؟ اختلاف کا حق سب کو حاصل ہے، لیکن عزت و احترام کا پیمانہ سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

مجلس کے رہنما برسوں سے یہ موقف پیش کرتے آئے ہیں کہ سیکولر جماعتیں مسلمانوں کے ووٹ تو لیتی ہیں مگر مسلم قیادت کو ابھرنے نہیں دیتیں، 8 نومبر کو مجلس کے رہنما وارث پٹھان نے کہا کہ ”عبدل یوپی کا وزیر اعلیٰ بنے گا“۔ 12 نومبر کو خود اویسی نے اکھلیش یادو کو چیلنج کیا کہ وہ کسی مسلمان کو اپنا وزارت اعلیٰ کا چہرہ بنائیں، *انڈین ایکسپریس کی 15 نومبر کی رپورٹ کے مطابق اسی دن انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی یہ سوال اٹھایا کہ ”عبدل صرف پنکچر ہی کیوں بنائے، وہ وزیر اعلیٰ بھی بن سکتا ہے“۔ مگر اسی دن لکھنؤ میں انہوں نے اپنے اتحاد ’سماجی پریورتن مورچہ‘ کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر چندرشیکھر آزاد (راون) کا نام پیش کر دیا، رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بعد مجلس کے بعض رہنماؤں کو وضاحتیں دینی پڑ رہی ہیں، ایک ترجمان نے مساوی نمائندگی کی بات کی، جبکہ دوسروں نے چندرشیکھر کی مقبولیت اور دلت شناخت کو وجہ بتایا، بعض نے یہ دلیل بھی دی کہ مسلم چہرہ سامنے لانے سے فرقہ وارانہ پولرائزیشن بڑھ سکتی تھی اور دلت ووٹ بی جے پی کی طرف جا سکتے تھے۔* اگر یہاں اس پولورائزیشن کا خیال رکھا گیا تو سماج وادی یا کانگریس سے مسلم وزیر اعلی کے نام کا مطالبہ کیا اس اسکریپت کا حصہ ہے جس کے لئے آپ کی ایکٹنگ اور شوٹنگ چل رہے؟؟۔

ان دلائل کو سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے، مجلس کا مؤقف ہے کہ یہ اتحاد پسماندہ، دلت اور حاشیے پر موجود طبقات کی نمائندگی کے لیے ہے اور اس کا مقصد بی جے پی کو اقتدار میں واپسی سے روکنا ہے،
مگر ناقدین کا سوال بھی بجا ہے:
جو مطالبہ (عبدل کو سی ایم بنانے کا) برسوں دوسروں سے کیا جاتا رہا، جب خود فیصلے کا موقع آیا تو اس پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ کیا مسلم قیادت کا نعرہ محض انتخابی خطابت تھا؟، جیسے امیت شاہ کا پنجہ لاکھ والا چناوی جملہ۔

یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ اترپردیش کی 403 رکنی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے 202 نشستیں درکار ہیں، تمام نشستوں پر مقابلے کا اعلان اور کسی کو وزارت اعلی کا چہرہ بنا دینا اقتدار کی ضمانت نہیں، 2022 میں مجلس نے 95 نشستوں پر الیکشن لڑا اور ایک بھی نہ جیت سکی، کانگریس سمیت بعض جماعتوں کا الزام ہے کہ یہ اتحاد اپوزیشن ووٹ تقسیم کر کے بی جے پی کو فائدہ پہنچائے گا، اسدالدین اویسی کی سیاسی حکمت عملی اس الزام کا واضح ثبوت ہے، لہذا انتخابی نتائج کی بنیاد پر حکمت عملی کی جواب دہی ضرور ہوگی، جب اویسی خود اس اتحاد کو بی جے پی کو روکنے کا ذریعہ قرار دیتے ہیں تو انہیں یہ بھی بتانا ہوگا کہ تمام نشستوں پر امیدوار اتارنے کی حکمت عملی اس دعوے سے کیسے ہم آہنگ ہے۔

اسد الدین اویسی کے قول و عمل میں سخت ترین تضاد ہے، خطابت اور نعروں سے تضادات کو ہمیشہ چھپایا نہیں جا سکتا، گندگی پر چاندی کا ورق چڑھانے سے محدود وقت تک خوشنما دکھایا جاسکتا ہے، لیکن پھر ورق پھٹے گا اور بدبو جینا حرام کردی گی،

انداز اپنا دیکھتے ہیں آئینے میں وہ
اور یہ بھی دیکھتے ہیں کوئی دیکھتا نہ ہو

سیاست میں اصل وقار بلند آواز اور تلخ جملوں سے نہیں، بلکہ دلیل، شائستگی اور قول و عمل کی یکسانیت سے قائم ہوتا ہے، جو رہنما اپنے لیے عزت اور اخلاقیات کا مطالبہ کرتا ہے، اسے دوسروں کے لیے بھی وہی معیار اپنانا چاہیے، مجلس کو یہ واضح کرنا ہوگا کہ اس کی سیاست کا حوالہ اصولی نمائندگی ہے یا وقتی سیاسی مصلحتیں، عوام کو خواب دکھائے جا سکتے ہیں، مگر ان کے سوال کرنے کے حق کو ہمیشہ کے لیے خاموش نہیں کیا جا سکتا۔
اویسی کی سیاست پورے ملک کے لئے خطرناک ہوتی جارہی ہے، اس کا نوٹس لینا اور انتخابی سبق سکھانا ضروری ہے، ورنہ یہ "خانہ بدوش سوداگر” جلد کہیں اور خیمہ زن‌ ہوں گا۔

Related posts

کتاب ’ہندوستان میں سلطنت مغلیہ کا دور‘ پر ایک نظر

Paigam Madre Watan

کرپٹو کرنسی :شرعی نقطۂ نظر اورمعاصر فقہی مباحث کا  جامع خاکہ (قسطِ اول) :مفتی یحییٰ معین

Paigam Madre Watan

ماہ رمضان اور قرآن مجيد

Paigam Madre Watan