*اتحادِ ملت کیوں اور کیسے!!!
ڈاکٹر عبد اللہ فیصل
اتحادِ ملت قرآن و حدیث کی روشنی میں
آج مسلمان بٹا ہوا ہے۔ مسلک میں بٹا ہے، برادری میں بٹا ہے، پارٹی میں بٹا ہے، ملک میں بٹا ہے۔ اور یہی بٹنا مسلمانوں کی سب سے بڑی کمزوری بن گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن میں بار بار مسلمانوں کو اتحاد کا حکم دیا ہے۔ اور نبی کریم ﷺ نے حدیث میں بار بار مسلمانوں کو ایک جسم، ایک دیوار، ایک بھائی چارہ قرار دیا ہے
پھر ہم کیوں بٹے ہوئے ہیں؟
قرآن کا حکم اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
> وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا
> "اور تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو۔”
> (سورۃ آل عمران: 103)
یہ آیت صرف نصیحت نہیں ہے، یہ حکم ہے۔ اللہ نے "جمیعاً” کہا ہے، یعنی سب مل کر۔ اکیلے اکیلے نہیں، سب مل کر۔
اور پھر فرمایا "ولا تفرقوا” یعنی الگ الگ مت ہو جاؤ۔ آج ہم نے اسی حکم کو توڑ دیا ہے۔ ہم نے مسلک کو دین بنا لیا، برادری کو دین بنا لیا، پارٹی کو دین بنا لیا۔
اللہ نے فرمایا:
> إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ
> "بے شک مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں۔”
> (سورۃ الحجرات: 10)
بھائی بھائی کا مطلب کیا ہے؟ بھائی کبھی بھائی کا دشمن نہیں ہوتا۔ بھائی کبھی بھائی کی مسجد نہیں گراتا۔ بھائی کبھی بھائی کو کافر نہیں کہتا۔ بھائی کبھی بھائی کے خلاف دوسرے کے پاس جا کر شکایت نہیں کرتا۔
لیکن آج ہم نے بھائی کو ہی دشمن بنا لیا ہے۔
اللہ نے ایک اور جگہ فرمایا:
> وَلَا تَنَازَعُوا فَتَفْشَلُوا وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ
> "اور آپس میں جھگڑا مت کرو، ورنہ تم کمزور ہو جاؤ گے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی۔”
> (سورۃ الانفال: 46)
یہ آیت آج کے مسلمانوں پر بالکل فٹ بیٹھتی ہے۔ ہم جھگڑے، تو ہم کمزور ہو گئے۔ ہم لڑے، تو ہماری طاقت ختم ہو گئی۔ ہم بٹے، تو دنیا نے ہمیں نظر انداز کر دیا۔
حدیث کی روشنی مسلمان ایک جسم ہے*
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
> الْمُسْلِمُ أَخُو الْمُسْلِمِ لَا يَظْلِمُهُ وَلَا يُسْلِمُهُ
> "مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، نہ اس پر ظلم کرتا ہے، نہ اس کو بے یار و مددگار چھوڑتا ہے۔”
> (بخاری و مسلم)
یہ حدیث آج کے لیے سب سے بڑا پیغام ہے۔ آج مسلمان مسلمان کو بے یار و مددگار چھوڑ رہا ہے۔ ایک محلے کا مسلمان مصیبت میں ہے، دوسرا محلہ خاموش ہے۔ ایک گاؤں کا مسلمان پریشان ہے، دوسرا گاؤں تماشا دیکھ رہا ہے۔
نبی کریم ﷺ نے ایک اور حدیث میں فرمایا:
> مَثَلُ الْمُؤْمِنِينَ فِي تَوَادِّهِمْ وَتَرَاحُمِهِمْ كَمَثَلِ الْجَسَدِ
> "مومنوں کی مثال آپس کی محبت اور رحم میں ایک جسم کی طرح ہے، جب جسم کے ایک حصے کو تکلیف ہوتی ہے تو سارا جسم جاگتا اور بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔”
> (بخاری و مسلم)
ذرا سوچیے، اگر ہاتھ کو چوٹ لگے تو کیا پیر کہتا ہے کہ مجھے کیا؟ نہیں، پورا جسم تکلیف محسوس کرتا ہے۔ یہی مسلمانوں کی مثال ہونی چاہیے۔
اگر یو پی میں مسلمان پر ظلم ہو تو بہار کا مسلمان بھی تڑپے۔ اگر ایک مسلک کے مسلمان پر ظلم ہو تو دوسرے مسلک کا مسلمان بھی آواز اٹھائے۔
ایک اور حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا:
> الْمُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِ كَالْبُنْيَانِ يَشُدُّ بَعْضُهُ بَعْضًا
> "مومن مومن کے لیے دیوار کی اینٹوں کی طرح ہے، ایک دوسرے کو مضبوط کرتا ہے۔”
> (بخاری و مسلم)
دیوار کی اینٹیں اگر الگ الگ ہو جائیں تو دیوار گر جاتی ہے۔ آج مسلمانوں کی دیوار گر رہی ہے، کیونکہ اینٹیں الگ ہو گئی ہیں۔
اتحاد کیوں ضروری ہے؟
اتحاد صرف ثواب کا کام نہیں ہے، یہ بقا کا سوال ہے
اگر مسلمان متحد ہوگا تو اس کی سیاست مضبوط ہوگی۔ اگر مسلمان متحد ہوگا تو اس کا ووٹ مضبوط ہوگا۔ اگر مسلمان متحد ہوگا تو اس کی آواز اسمبلی اور پارلیمنٹ میں سنی جائے گی۔
اور اگر مسلمان بٹا رہے گا تو وہ سیاست میں صفر ہو جائے گا۔ وہ سماج میں کمزور ہو جائے گا۔ وہ ہر جگہ سے نظر انداز کیا جائے گا۔
تاریخ گواہ ہے، جب مسلمان متحد تھے تو دنیا ان سے ڈرتی تھی۔ جب مسلمان بٹے تو دنیا نے ان پر حکومت کی۔
اتحاد کیسے آئے گا؟
مسلک کی لڑائی ختم کرو۔ دیوبندی، بریلوی، اہلِ حدیث، شیعہ، سب اپنے اپنے مسلک پر عمل کریں، لیکن ایک دوسرے کو کافر مت کہیں۔
برادری کی لڑائی ختم کرو۔ شیخ، پٹھان، انصاری، قریشی، سب مسلمان ہیں۔ برادری سے پہلے مسلمان ہونا ضروری ہے۔
ایک دوسرے کی عزت کرو۔ اختلاف رائے ہو سکتا ہے، لیکن گالی نہیں، نفرت نہیں۔
مصیبت میں ایک دوسرے کا ساتھ دو۔ جس مسلمان پر ظلم ہو، سب مل کر اس کی آواز بنو!
قرآن کہتا ہے مت بٹو، حدیث کہتی ہے ایک جسم بن جاؤ۔
اگر ہم نے قرآن و حدیث کی اس بات کو مان لیا تو ہماری سیاست بھی بچ جائے گی، ہماری عزت بھی بچ جائے گی، ہماری آنے والی نسل بھی بچ جائے گی۔
اور اگر ہم بٹے رہے تو ہماری کوئی طاقت نہیں رہے گی۔
اتحاد ہی مسلمانوں کی زندگی ہے، اور تفرقہ ہی مسلمانوں کی موت ہے۔

