جامعہ ملیہ اسلامیہ کا امتحانی نظام روایتی دستی طریقہ کار سے ڈیجیٹل دورکی جانب گامزن / پروفیسر احتشام الحق
امتحانی اصلاحات سے عالمی تعلیمی معیار کا حصول ممکن ہےجنید حارث
شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں دوسرے توسیعی خطبہ کا انعقاد
23/نومبر 2026
پریس ریلیز(نئی دہلی)
”جامعہ ملیہ اسلامیہ میں امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور روایتی دستی طریقہ کار کو ڈیجیٹل سہولتوں سے مربوط کرنے کے لیے متعدد اصلاحی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس تبدیلی کا نمایاں پہلو امتحانی کارروائیوں میں شفافیت، سرعت اور انتظامی سہولت پیدا کرنا ہے، تاکہ امتحانات کا انعقاد، نتائج کی تیاری اور دیگر متعلقہ مراحل زیادہ منظم اور م¶ثر انداز میں انجام پا سکیں۔“ ان خیالات کا اظہار پروفیسر احتشام الحق، کنٹرولر امتحانات، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقد دوسرے توسیعی خطبے بعنوان ”جامعہ ملیہ اسلامیہ کے امتحانی نظام میں اصلاحات“ کے دوران کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ جامعہ کے آن لائن امتحانی پورٹل نے طلبہ و طالبات کے لیے امتحانی امور کو پہلے سے کہیں زیادہ سہل بنا دیا ہے۔ فارم کے اندراج سے لے کر شیڈول اور نتائج کی دستیابی تک مختلف مراحل اب ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام پا رہے ہیں اور اس سے طلبہ کو غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں سے نجات ملی ہے۔ نیزجامعہ پریس کا قیام بھی اسی اصلاحی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ مہمانِ خصوصی، پروفیسر اقتدار محمد خان، ڈین، فیکلٹی برائے انسانی علوم و لسانیات، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی حقیقی ترقی اور کام یابی اسی وقت ممکن ہے جب اس کا انتظامی نظام اساتذہ کی ضروریات اور طلبہ کی توقعات سے پوری طرح ہم آہنگ ہو،اس تناظر میں پروفیسر احتشام الحق کی خدمات نہایت اہمیت کی حامل ہیں کہ تدریسی حلقوں سے ان کا قریبی تعلق اور طلبہ کے مسائل و ضروریات سے ان کی گہری واقفیت انہیں امتحانی نظام کو زیادہ موثر، سہل اور طلبہ کی توقعات سے ہم آہنگ بنانے میں مدد دیتی ہے۔جناب جنید حارث، صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی جامعہ کی ترقی اور اسے عالمی تعلیمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ انتظامی سطح پر جاری اس جدوجہد میں کنٹرولر امتحانات پروفیسر احتشام الحق کا کردار بھی انتہائی قابل قدرہے۔ وہ اپنی صلاحیتوں اور انتظامی تجربے سے جامعہ کے امتحانی نظام کو بہتر بنانے اور اس کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر امتحانی نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کارکردگی کا اندازہ اس کے نظامِ امتحانات اور نتائج کے معیار سے بھی ہوتا ہے۔ امتحانات کا بروقت اور منظم انعقاد، نیز نتائج کی تیاری میں معیار اور شفافیت، ادارے کی تعلیمی سنجیدگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس لیے امتحانی نظام میں اصلاحات کو جامعہ کی انتظامی ضرورت کے ساتھ اس کی علمی ترقی اور عالمی تعلیمی معیار کے حصول کی کوششوں کا ایک اہم پہلو سمجھنا چاہیے۔پروگرام کا آغاز شعبہ کے طالب علم محمد حمزہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر جاوید اختر نے انجام دیے، جب کہ کلمات تشکر ڈاکٹر محمد ارشد، ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے ادا کیے۔آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔اس موقع پر شعبہ کے جملہ اساتذہ پروفیسر سید شاہد علی، ڈاکٹر محمد مشتاق، ڈاکٹر محمد عمر فاروق، ڈاکٹر خورشید آفاق، ڈاکٹر عبدالوارث خان، ڈاکٹر انیس الرحمن، ڈاکٹر محمد اسامہ، ڈاکٹر ندیم سحر عنبرین، ڈاکٹر اویس منظور ڈار، ڈاکٹر محمد اشرف الکوثر، ڈاکٹر محمد وسیم اور کنیز فاطمہ کے علاوہ ریسرچ اسکالرس اور ایم اے و بی اے کے طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔


