ایم پی پرتاپ گڑھی نے کانگریس صدر کا پیغام پڑھا اور دعا مانگی
اجمیر: خواجہ غریب نواز کے 812 ویں عرس کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی جانب سے سلطان الہند غریب نواز کی درگاہ پر چادر پیش کی گئی۔ بتاتے چلیں کہ در الحکومت دہلی سے کانگریس اقلیتی محکمہ کے قومی صدر اور راج سبھا ایم پی عمران پرتاپ گڑھی اس روایتی چادر کے ساتھ راجستھان پہنچے۔ کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے سب سے پہلے چادر پیش کر ملک کی خوشحالی، امن وامان، بھائی چارے کی دعا کی اور زیارت کے بعد درگاہ کے بلند دروازے سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا زائرین کے نام بھیجے گئے پیغام کو پڑھا۔ اپنے پیغام میں کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ میں خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیری کے 812 ویں عرس مبارک کے موقع پر اپنی اور پوری کانگریس پارٹی کی جانب سے خواجہ کی بارگاہ میں چادر روانہ کرتے ہوئے خود کو بے حد خوش قسمت تصور کر رہا ہوں۔ خیال رہے کہ پرخلوص جذبات اور عقیدت کے ساتھ سلطان الہند کے آستانہ مبارک پر چادر چڑھائی جاتی ہے۔ چادر پوشی کا یہ حسین موقع ہمارے وطن کی گنگا – جمنی تہذیب، قومی ایکتا، آپسی بھائی چارہ، پیار اور محبت، ادب ورواداری کی علامت ہے۔ اس سے پوری دنیا میں یہی پیغام جاتا ہے کہ ہندوستان میں قومی اتحاد اور بھائی چارے کی جڑیں انتہائی گہری ہیں۔اس موقع پر اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی صدر عابد قاضی ، ایم ایل اے رفیق خان، امین قاضی ، ذاکر حسین ، ایم ڈی چوبدار،روبی خان ، ڈی سی سی اجمیر صدر وجے جین ، سابق وزیر نسیم اختر ، انچارج شکیل نواز ، معاون انچارج اقبال احمد ، انصاف آزاد ، اتر پردیش کے انچارج شاکر علی ، میڈیا محکمہ کے انچارج سید عدنان اشرف ، مہاراشٹر کے انچارج احمد خان ، دلی کے چیئرمین عبد الواحد قریشی، تابش پٹیل ، محمود خان ، شمیم علوی، نظام دین قریشی ، فہیم قریشی ، لیاقت گدی موجود رھے۔