جمعیت علمائے روتہٹ نیپال کے ترجمان اور سماج وادی مسلم سنگھ نیپال کے رکن مولانا انوارالحق قاسمی نے کہاکہ : یقینا ہم مسلمان انتہائی سعادت مند اور خوش نصیب ہیں کہ خدائے واحد نے ہمیں ایک بار پھر رمضان المبارک کی برکات سے استفادہ کا سنہرا موقع میسر فرمایا؛اس لیے اس پر خدائے لم یزل کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ، ہمیں اس ماہِ مقدس کی عظمت کو خاطر میں لاتے ہوئے صرف اور صرف اعمال حسنہ بجالانے کی ضرورت ہے۔ ترجمان جمعیت نے مزید کہاکہ: بلاشک ماہ رمضان بہت سی اہم خصوصیات کا حامل ہیں،جن میں ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ مالک الارض والسموات اس ماہِ مبارک میں ذکر کرنے والے کو بخش دیتے ہیں اور ماہ رمضان کی دوسری اہم خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ اس میں مانگنے والے کو قطعی نامراد نہیں کرتے ہیں۔ حضرت عمر بن خطاب -رضی اللہ عنہ -سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم- صلی اللہ علیہ وسلم -نے فرمایا:ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے والا بخش دیاجاتا ہے اور اس ماہ میں اللہ تعالیٰ سے مانگنے والے کو نامراد نہیں کیا جاتا(طبرانی)۔ اس لیے اس ماہِ مبارک میں ذکر اللہ کو لازم کرنے لینے کے ساتھ ، ہمیں اللہ سے خوب مانگنا بھی چاہیے۔
Related posts
Click to comment