سعیدالرحمٰن عزیز سلفی
والدِ گرامی شیخ_عزیزالرحمٰن_سلفی حفظہ اللہ کی ایک اور شاہکار تصنیف،عنقریب آپ کے ہاتھوں میں ہوگی ان شاءالله، والدِ محترم کی یہ کاوش کافی پُرانی ہے جسے وقتاً فوقتاً تحریر کرکے رکھا کرتے تھے، آپ نے اُسے اپنے ہاتھوں سے لکھ کر الگ الگ کاغذات میں محفوظ کیا تھا درازیِ مدت کے سبب کاغذات پیلے پڑ گئے تھے۔قارئین حیران ہونگے اِس کتاب میں ایسے ایسے علماء کا تذکرہ ہے جن کا نام شاید باید ہی کتابوں میں مکتوب ہو، خاص طور سے علماء مبارکپور (خصوصاً خانوادۀ صاحبِ تحفہ) علماء گورکھپور، علماء ڈومریا گنج (جس میں خاص الخاص ممتاز بابا کی سوانح پڑھنے کے قابل ہے اور اُن کی کرامات جو عینی شاہدین کے حوالے سے ذکر ہے یا جو زبان زد عام ہے) اور علماء ششہنیاں قابلِ ذکر ہیں، کتاب ھٰذا میں کچھ ایسے گمنام علماء کا ذکر بھی ہے جو آزادیِ ہند کے وقت جان و مال سے انگریزوں سے نبردآزما رہے، خاص بات یہ ہے کہ یہ علماء "اہل حدیث” تھے۔ نومبر 2023 میں میرا دہلی جانا ہوا تھا، والدِ محترم نے تاکید کی تھی کہ کتاب کمپیوٹرائز ہورہی ہے اصل کاغذات سامنے رکھ کر پروف ریڈنگ کرلینا، ٹائپنگ کی ذمہ داری ہمارے بڑے بہنوئی مولانا ابو الکلام سلفی صاحب کو دی گئی تھی، اور اِن تمام جدوجہد میں ہمارے بڑے بھائی مطیع الرحمٰن عزیز صاحب کا بڑا ہاتھ تھا اِس سے پہلے بھی والد صاحب کی کتابوں کے حوالے سے اُن کی کوششیں رنگ لا چکی ہیں الحمد لله، فجزاه الله خيراً۔ تقریباً 150 پیجز کی پروف ریڈنگ کی گئی حتی الامکان کرکشن پر دھیان دیا گیا، اِس دروان ایسی ایسی جگہوں کے نام، ایسے ایسے لوگوں کے نام اور ایسے ایسے پُرانے دیہاتی الفاظ سامنے آئے جو ہمارے لئے توجہ کے باعث تھے۔ کتاب ھٰذا سے وہ علماء بہتر طور پر مستفید ہوسکتے ہیں جو تاریخ میں دلچسپی رکھتے ہیں، یہ کتاب تاریخی حقائق کے طور پر پیش کی جاسکتی ہے، یہ کتاب والد محترم کے جوہر لطیف اور استعداد و صلاحیت کا گوہرِ نایاب تحفہ ہے جسے قارئین اور بطورِ خاص شاگردان بخوبی جان سکتے ہیں۔ قارئینِ کرام کو یہ بھی جاننا ضروری ہے کہ والدِ محترم کی نئی کاوش "علماءِ ٹکریا و سعدُاللہ پور” ہے، اللہ تعالیٰ اِسے بھی مکمل کرنے کی توفیقِ ارزانی عطا فرمائے، آمین
اللہ تعالیٰ والدِ گرامی کو صحت و عافیت وسلامتی والی زندگی عطا فرمائے اور تادیر اُن کا سایہ ہمارے سروں پر قائم رکھے اور کما حقہ اُن سے مستفید ہونے کی ہمیں توفیق بخشے۔ فجزاه الله خيراً، يعطيه الله العافية والسلامة والصحة. آمین