نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ،نئی دہلی کے صدر دفترجسولہ میں ماہنامہ خواتین دنیاکے خصوصی شمارے ’خواتین اور سائنس ‘ کااجراعمل میں آیا۔اس موقع پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہاکہ وکست بھارت کے مشن کی مضبوطی کے لیے خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے۔ اگر ہمارے ملک میں عورت ترقی نہیں کرے گی تو ہم وکست بھارت کے ہدف کو حاصل نہیں کر سکیں گے۔مہمان خصوصی، مشہوربایولوجسٹ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی سابق پرووائس چانسلرپروفیسر تسنیم فاطمہ نے کہاکہ خواتین دنیاکے خصوصی شمارے ’’خواتین اور سائنس‘‘ کی اشاعت ایک خوش آئند قدم ہے ۔ہندوستان میں خواتین سائنس کے میدان میں گراں قد ر اور نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں اور جلد ہی ہندوستان دنیاکی ایک بڑی طاقت بن کر ابھرے گا۔انھوں نے مزید کہاکہ اس نوع کاخصوصی شمارہ وکست بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے سلسلے میںبھی مفید اور معاون ثابت ہوگا۔قومی کونسل مسلسل اس جانب کوششیں کر رہی ہے۔اجراکی اس تقریب میں قومی کونسل کاتمام عملہ موجود تھا۔