صوبائی کنوینر سوربھ بھاردواج کے قیادت میں "آپ” اراکینِ اسمبلی کے وفد نے دہلی میں بڑھتے جرائم کے مسائل اٹھائے
نئی دہلی، 2 ستمبر: دہلی کو کرائم کیپیٹل کے داغ سے نجات دلانے کے مطالبے کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے اراکینِ اسمبلی کا ایک وفد منگل کو پولیس کمشنر سے ملا۔ "آپ” دہلی صوبائی کنوینر سوربھ بھاردواج کی قیادت میں ہوئی اس ملاقات کے دوران اراکینِ اسمبلی نے بڑھتی ہوئی لوٹ مار، چھین جھپٹ، قتل اور بھتہ خوری کے معاملات کو اٹھایا۔ پولیس کمشنر نے اس پر جلد قابو پانے کی یقین دہانی کرائی۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دہلی میں جرائم بڑھنے کی ایک بڑی وجہ کھلے عام بکنے والا خشک نشہ ہے۔ پولیس کمشنر نے اس کے سدباب کے لیے کئی نئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اسی طرح، ہم نے "آپ” کے رکنِ اسمبلی انل جھا اور کونسلر گگن پر ہوئے حملے کا معاملہ بھی اٹھایا، جس میں ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ "آپ” نے دہلی میں قانون و امن کو درست کرنے میں پولیس کو مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی تاکہ جرائم میں کمی آسکے۔”آپ” کے اراکینِ اسمبلی کے وفد کے ساتھ پولیس کمشنر سے ملاقات کے بعد سوربھ بھاردواج نے کہا کہ کئی سالوں بعد مرکزی حکومت کو یہ سمجھ میں آیا ہے کہ دہلی کیڈر کے آئی پی ایس افسر کو پولیس کمشنر بنایا جانا چاہیے۔ وہ افسر جس نے دہلی میں اپنے 30-35 سال کی سروس گزاری ہے، وہ دہلی کی قانون و امن کی صورتحال کو بخوبی سمجھ سکتا ہے۔ آج دہلی کے اندر جگہ جگہ خشک نشہ بک رہا ہے، جس کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس بڑھتے ہوئے جرائم کے تعلق سے ہم نے پولیس کمشنر سے بات کی۔ پولیس کمشنر نے یقین دلایا ہے کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے کئی نئے اقدامات کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ "آپ” کے رکنِ اسمبلی انل جھا پر ان کے یومِ پیدائش کے دن ہی حملہ کیا گیا۔ کچھ لوگ انل جھا کے برتھ ڈے پروگرام میں گھس آئے اور ان پر حملہ کیا۔ ساتھ ہی انل جھا کے اہلِ خانہ پر بھی حملہ کیا گیا۔ اس تعلق سے انل جھا نے پولیس کمشنر سے شکایت کی ہے۔ ہم نے پولیس کمشنر سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر پولیس اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔ سوربھ بھاردواج نے بتایا کہ ایم سی ڈی زون کے چیئرمین کے دفتر میں بُراڑی سے "آپ” کے کونسلر گگن پر ایک ایسے شخص نے حملہ کیا جس کے خلاف دہلی پولیس نے تڑی پار کا حکم پاس کر رکھا تھا۔ پولیس نے اس کے دہلی میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی اور اس پر کئی مقدمات درج ہیں۔ اس کے باوجود وہ شخص دہلی میں موجود تھا۔ وہ ایم سی ڈی زون چیئرمین کے دفتر میں داخل ہوا اور "آپ” کے کونسلر پر حملہ کرکے فرار ہوگیا۔ بھاگتے ہوئے وہ سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی قید ہوا، لیکن ابھی تک اس معاملے میں شکایت درج نہیں ہوئی ہے۔ ہم نے پولیس کمشنر سے اپیل کی کہ اگر پولیس ایف آئی آر درج نہیں کرے گی تو ہم عدالت جائیں گے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ پولیس کمشنر کے ساتھ بہت اچھے ماحول میں ہماری بات ہوئی۔ تِلک نگر کے "آپ” رکنِ اسمبلی جرنیل سنگھ نے کچھ مقامی مسائل اٹھائے۔ رکنِ اسمبلی کلدیپ کمار نے کونڈلی میں بکنے والے نشے اور قتل کے معاملات پر بات کی۔ اسی طرح سنجیو جھا نے بُراڑی کے مسائل اٹھائے۔ انل جھا نے بھی جرائم کے معاملات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کمشنر نے دہلی میں قانون و امن کی بہتری کے لیے عام آدمی پارٹی سے تعاون مانگا ہے۔ ہم نے انہیں دہلی کے لیے پورے تعاون کا یقین دلایا۔ ہماری کوشش ہے کہ دہلی میں جرائم کو کم کیا جاسکے۔