National قومی خبریں

ایمان افروز ماحول میں حجاج کرام کی تربیتی نشست

حج کے روحانی، عملی اور اخلاقی پہلوؤں پر تفصیلی رہنمائی

لکھنؤ یکم مئی (پریس ریلیز)مولانا علی میاں ندوی میموریل حج ہاؤس، لکھنؤ کے دعائیہ ہال میں شعبہ دعوت و ارشاد ندوۃ العلماء کے زیر اہتمام عازمینِ حج کے لیے ایک جامع اور رہنمائی پر مبنی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر حجاج کرام کو حج کے روحانی تقاضوں، عملی مراحل اور اخلاقی ذمہ داریوں کے حوالے سے مفصل ہدایات فراہم کی گئیں تاکہ وہ اس عظیم عبادت کو مکمل شعور اور سنتِ نبوی کے مطابق ادا کر سکیں۔
مولانا مفتی آفتاب عالم ندوی خیرآبادی، مبلغ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلام کا ایک بنیادی رکن ہے جو صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض کیا گیا ہے، اس لیے اس کی تیاری محض سفری یا رسمی تیاری نہیں بلکہ ایک مکمل دینی اور روحانی تیاری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حاجی کو مناسکِ حج کی باریکیاں سیکھ کر جانا چاہیے تاکہ کسی بھی مرحلے میں عبادت کی ادائیگی میں کوئی کمی یا غلطی نہ رہ جائے۔
انہوں نے مدینہ منورہ کی حاضری کو حجاج کے لیے ایک عظیم سعادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مبارک شہر ہے جہاں سے ایمان کو تازگی اور روح کو سکون حاصل ہوتا ہے۔ وہاں قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ درود شریف کا اہتمام کریں، ہر لمحہ ادب و احترام کو ملحوظ رکھیں اور مسجد نبوی شریف میں باجماعت نمازوں کی پابندی کریں۔ انہوں نے ریاض الجنہ اور جنت البقیع کی زیارت کو ایمان افروز مواقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مقامات کی حاضری کے دوران دل کی حاضری اور خشوع و خضوع لازمی ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ جب حجاج میقات ذوالحلیفہ سے احرام باندھیں تو اس وقت اپنی نیت کو خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے مخصوص کر دیں اور سنتِ نبوی کی مکمل پیروی کو اپنی عبادت کا مرکز بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کا اصل مقصد صرف ظاہری مناسک کی ادائیگی نہیں بلکہ باطنی اصلاح، تقویٰ کا حصول اور زندگی میں دائمی تبدیلی لانا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حج مبرور وہی ہے جس میں بندہ اللہ کے احکام کی مکمل پاسداری کرے، زبان، عمل اور نیت ہر اعتبار سے اخلاص اختیار کرے اور واپسی کے بعد اپنی زندگی کو دین کے سانچے میں ڈھال لے۔ انہوں نے حجاج کرام کو یہ بھی نصیحت کی کہ وہ فرائض، واجبات اور حج کے ممنوعات کو اچھی طرح سمجھ کر جائیں تاکہ کسی بھی موقع پر غفلت یا کوتاہی نہ ہو۔
نشست کے اختتام پر مولانا مفتی آفتاب عالم ندوی نے تمام عازمینِ حج کے لیے خصوصی دعا کی اور انہیں حجِ مقبول و مبرور کی دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔اس موقع پر مولانا سید محمد غفران ندوی، مولانا محمد فرحان، حاجی اعجاز احمد صدیقی، حاجی محمد عمران، حافظ محمد اسلم، حاجی محمد لئیق، حاجی محمد شاہد، مولانا بلال احمد، محمد حمزہ خاں اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

Related posts

डॉ. नौहेरा शेख का हैदराबाद के पुराने शहर को गोल्ड सिटी बनाने का संकल्प

Paigam Madre Watan

ایم ای پی جموں و کشمیر ضلع بڈگام کے غریب چائے اسٹال مالکان کی مکمل حمایت یم اے نجیب کا میڈٰیا سے خطاب اور بھر پور تعاون کرنے کا اعلان

Paigam Madre Watan

देशभर में एमईपी कार्यकर्ताओं ने गणतंत्र दिवस मनाया

Paigam Madre Watan