نئی دہلی؍پنجاب, عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اتوار کے روز پنجاب کے نابھا میں اَگرسین بھون کا افتتاح کیا اور پٹیالہ میں کالی ماتا مندر میں حاضری دے کر ریاست کی خوشحالی و ترقی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان بھی موجود تھے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ آئندہ دنوں میں تین کروڑ پنجابیوں کے ساتھ مل کر ہم پنجاب کو ایک بار پھر "رنگلا پنجاب” بنائیں گے۔ ایسا پنجاب جو خوشحال ہو، نشے سے پاک ہو اور ترقی یافتہ ہو۔ کیجریوال نے کہا کہ حکومت نے نشے کے خلاف مہم چلا کر عوام کا اعتماد جیتا ہے اور اب لوگ خود اپنے گاؤں و وارڈ کو نشہ مکتی کی تحریک کا حصہ بنا رہے ہیں۔ پنجاب کو صنعتی مرکز بنانے کے لیے بہت جلد کئی اہم اعلانات کیے جائیں گے۔ تاجروں اور صنعت کاروں کی حفاظت اور مسائل کے حل کے لیے ریاستی اور ضلعی سطح پر تجارتی بورڈ تشکیل دیے جائیں گے۔کیجریوال نے اَگروال سبھا کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اَگرسین اسمارک جلد ہی مکمل ہوگا اور اسے انتہائی شاندار انداز میں تعمیر کیا جائے گا تاکہ پورے ملک سے لوگ یہاں آ کر مہاراجہ اَگرسین کو خراج عقیدت پیش کریں اور ان کی زندگی سے تحریک لیں۔ کیجریوال نے کہا، "میں خود بھی اَگروال سماج سے تعلق رکھتا ہوں۔ ہم سب مہاراجہ اَگرسین کی اولاد ہیں جن کا سب سے بڑا پیغام عدم تشدد اور بھائی چارہ تھا۔ اَگروال سماج کے 90 فیصد افراد تجارت سے منسلک ہیں، جو دن رات محنت کرتے ہیں۔”کیجریوال نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی اَگروال شخص کو بھیک مانگتے نہیں دیکھا۔ یہ سماج خود کماتا ہے اور دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتا ہے۔ مہاراجہ اَگرسین کی تعلیمات کے مطابق، ہم جو کماتے ہیں اس کا کچھ حصہ اپنے خاندان، کچھ حکومت کو ٹیکس کی صورت میں اور کچھ مذہبی و سماجی خدمات میں خرچ کرتے ہیں۔ آج ملک میں جو ترقی ہو رہی ہے وہ عوام کے دیے گئے ٹیکس سے ممکن ہو رہی ہے، جس میں اَگروال سماج کا بھی بڑا حصہ ہے۔کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں اعلیٰ درجے کے صنعت کار و تاجر اَگروال سماج سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ سماج صرف تجارت ہی نہیں بلکہ ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اَگروال سماج نے ہمیشہ مذہبی و فلاحی کاموں میں پیش پیش ہو کر معاشرتی خدمات انجام دی ہیں۔
Related posts
Click to comment