نئی دہلی، عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آتشی نے جمعہ کو کرول باغ اسمبلی حلقہ کے سرائے روہیلہ واقع چونا بھٹّی جے جے کلسٹر میں مقیم جھگی باشندوں سے ملاقات کی۔ بی جے پی حکومت نے ان جھگیوں کو توڑنے کا نوٹس چسپاں کر دیا ہے، جس کے باعث یہاں کے لوگ شدید خوف و بے یقینی کا شکار ہیں۔ آتشی نے جھگی والوں کو یقین دلایا کہ عام آدمی پارٹی غریبوں کی جھگیاں بچانے کی لڑائی میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ بی جے پی حکومت نے مدراسی کیمپ، بھومی ہین کیمپ، جیلر والا باغ، وزیرپور کے بعد اب چونا بھٹّی جے جے کلسٹر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی کی غریب مخالف پالیسی کے خلاف آپ سڑک سے لے کر عدالت تک لڑے گی۔ ہم غریبوں کا گھر ہرگز نہیں ٹوٹنے دیں گے۔آتشی نے جھگی والوں سے کہا کہ بی جے پی حکومت مسلسل غریبوں کی جھگیاں توڑ رہی ہے۔ چار انجن والی غریب مخالف بی جے پی حکومت نے اب کرول باغ اسمبلی حلقے کے چونا بھٹّی جے جے کلسٹر کو توڑنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ آتشی نے وہاں کے باشندوں کو یقین دلایا کہ عام آدمی پارٹی ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور ان کے گھروں کو بچانے کے لیے عدالت میں بھی لڑائی لڑی جائے گی۔ اگر بی جے پی والے بلڈوزر لے کر آئیں گے تو سب سے پہلے میں ان کے سامنے کھڑی نظر آؤں گی۔انہوں نے کہا کہ مدراسی کیمپ، جیلر والا باغ، وزیرپور میں جھگیاں توڑنے کے بعد ننگلی ڈیری میں نوٹس دیا گیا، اور اب چونا بھٹّی، سرائے روہیلہ میں گھروں پر نوٹس چسپاں کیے گئے ہیں۔ نوٹس میں 27 جولائی تک گھر خالی کرنے کا حکم ہے۔ آتشی نے کہا کہ مجھے اروند کیجریوال نے بھیجا ہے، بی جے پی کی اس کارروائی کے خلاف جھگی باشندوں کے ساتھ عام آدمی پارٹی مکمل ساتھ دے گی۔ ہم ان کا کیس عدالت میں بھی لڑیں گے، اور کسی بھی صورت غریبوں کا گھر نہیں اجڑنے دیں گے۔آتشی نے کہا کہ دہلی کے غریبوں کے دکھ، پریشانی اور جدوجہد میں عام آدمی پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال ہر مشکل میں آپ کے ساتھ ہیں۔ انتخاب سے پہلے بی جے پی والے ہر جھگی میں گئے، وعدہ کیا کہ جہاں جھگی، وہاں مکان دیں گے۔ جھگیوں میں کھانا کھایا، بچوں کے ساتھ لوڈو کھیلا۔ اروند کیجریوال نے تب بھی خبردار کیا تھا کہ بی جے پی والے سروے کے بہانے یہ دیکھنے آ رہے ہیں کہ کہاں بلڈوزر چلانا ہے۔ آج وہ بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔ جب سے بی جے پی حکومت بنی ہے، دہلی کی مختلف جھگیوں پر بلڈوزر چلایا جا رہا ہے۔ بی جے پی غریبوں کو بے گھر کرنے کا کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دہلی کی مختلف جھگیوں پر بلڈوزر چلایا۔ بھومی ہین کیمپ، مدراسی کیمپ، وزیرپور میں جھگیاں توڑی گئیں۔ کالکا جی کے بھومی ہین کیمپ میں، جہاں سے میں ایم ایل اے ہوں، وہاں 1200 گھروں پر بلڈوزر چلایا گیا۔ اب سمجھ آیا کہ بی جے پی والوں کا وعدہ جہاں جھگی، وہاں مکان نہیں بلکہ جہاں جھگی، وہاں میدان تھا۔ بی جے پی غریبوں سے نفرت کرتی ہے، اور یہی اس کی سچائی ہے۔آتشی نے کہا کہ اروند کیجریوال ہمیشہ کہتے ہیں: غریبوں کو بچاؤ، غریبی ہٹاؤ۔ مفت تعلیم، بجلی، پانی، علاج، خواتین کے لیے مفت بس سروس دو تاکہ وہ کام پر جا سکیں۔ لیکن بی جے پی کہتی ہے: دہلی سے غریبوں کو ہٹاؤ، غریبوں کو بھگاؤ۔ بی جے پی حکومت نے جھگیوں میں نوٹس چسپاں کیا ہے کہ 10 دن میں جھگی توڑ دی جائے گی۔ لیکن میں جھگی والوں سے وعدہ کرتی ہوں کہ عام آدمی پارٹی کسی غریب کا گھر نہیں ٹوٹنے دے گی۔ ہم آپ کے گھر کو ہرگز اجڑنے نہیں دیں گے۔ یہ لڑائی ہم آپ کے ساتھ سڑک سے لے کر پارلیمنٹ اور عدالت تک لڑیں گے۔ عام آدمی پارٹی کندھے سے کندھا ملا کر آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔آخر میں آتشی نے کہا کہ بی جے پی والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ دہلی کو چلانے والی طاقت انہی غریبوں کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ لوگ آپ کے گھروں، دکانوں میں کام کرتے ہیں، بسیں چلاتے ہیں۔ ان کی طاقت کو کم نہ آنکھیں، یہ شہر انہی کے دم سے چلتا ہے۔ اگر ان کے گھر توڑے تو پورا شہر بند کر دیں گے، یہ بی جے پی والوں کو یاد رکھنا چاہیے۔آتشی نے بتایا کہ آپ کی جھگیوں کو بچانے کے لیے اروند کیجریوال نے وکیل مقرر کر دیا ہے، جس کی تمام فیس عام آدمی پارٹی ادا کرے گی۔ آپ کو ایک روپیہ بھی نہیں دینا ہے۔ عام آدمی پارٹی پہلے بھی غریبوں کے ساتھ کھڑی تھی، آج بھی کھڑی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ آپ کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگر بی جے پی والے بلڈوزر لے کر آئے تو ان کے سامنے سب سے پہلے ہم کھڑے نظر آئیں گے۔
previous post
Related posts
Click to comment