Education تعلیم

ریڈیو مانو 90.0 ایف ایم ٹرانسمیشن ٹاور کا افتتاح , مانو عوامی رسائی میں ایک اور سنگ میل

حیدرآباد، (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے زیر اہتمام عوامی رسائی کی سمت ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے مانو کی طرف سے آج مانو کمیونٹی ریڈیو کے ٹاور کا افتتاح انجام دیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے مانو 90.0 ایف ایم ریڈیو ٹاور کا افتتاح انجام دینے کے بعد حاضرین کو خطاب کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مانو ریڈیو یونیورسٹی اور آس پاس کی کمیونٹی کے درمیان نئے اور بامعنی روابط پیدا کرے گا۔ کمیونٹی ریڈیو کی شراکتی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ مانو برادری کا ہر رکن متنوع پروگراموں کی نشریات میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور انہوں سبھی پر زور دیا کہ وہ مانو ریڈیو کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اردو یونیورسٹی کا یہ اقدام تعلیم کو عوام تک پہنچانے کے مینڈیٹ کو فروغ دے گا، جبکہ مقامی آوازوں کو بھی ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہوئے تعلیم، ثقافت اور سماجی بیداری کو فروغ دے گا۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے بھی اس تقریب کو مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو نشریات بڑی ذمہ داری کا کام ہے۔ انہوں نے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے ڈائرکٹر اور تمام اسٹاف کو مبارکباد دی کہ انہوں نے اس پراجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ شروع کیا۔ ان کے مطابق مانو ایف ایم ریڈیو، اردو یونیورسٹی اور سوسائٹی کے مابین رابطہ کا کام کرے اور بطور خاص نوجوانوں، خواتین اور پچھڑے طبقات کو علم کے حصول اور اظہار کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
آئی ایم سی کے ڈائرکٹر رضوان احمد نے بتایا کہ ریڈیو مانو ایک وسیع معلوماتی، تعلیمی اور کمیونٹی پر مبنی پروگرام پیش کرے گا۔ اس کے ذریعہ کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور اطلاعات کی ترسیل میں معاونت ہوگی۔
ڈاکٹر امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر پروگرام نے کارروائی چلائی۔ پروڈیوسر عامر بدر نے ریڈیو مانو پر ایک رپورٹ پیش کی جبکہ پروڈیوسر عمر اعظمی نے شکریہ ادا کیا۔
یہ پروگرام ریڈیو مانو پر اور یو ٹیوب پر راست پیش کیا گیا جس کی رسائی یونیورسٹی سے باہر بھی تھی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں یونیورسٹی کے ارباب مجاز، اسٹاف ممبرس، طلبہ اور میڈیا سے جڑے افراد موجود تھے۔

Related posts

مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس شعبہ سول انجینئرنگ کے طلبہ کے شاندار نتائج

Paigam Madre Watan

وزیر عمران حسین نے عیدگاہ روڈ، ماڈل بستی اور قریش نگر میں واقع دہلی کے سرکاری اسکولوں میں منعقدہ سالانہ تقریب میں شرکت کی

Paigam Madre Watan

مانو کے ایم اے پبلک ایڈمنسٹریشن میں داخلے جاری

Paigam Madre Watan

Leave a Comment