مولانا عزیز الرحمن سلفی کی خدمات کے اعتراف میں پروقار اعزازی تقریب
نئی دہلی (رپورٹ: مطیع الرحمن عزیز) علماء کرام وارثانِ انبیاءہیں اور دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایسے مخلص اور گمنام علماء جو بغیر کسی ریاو نمود اور شہرت کے عمر بھر درس و تدریس اور دعوتِ دین کے میدان میں مصروف رہتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی نہ صرف ان کے لیے باعثِ مسرت ہوتی ہے بلکہ نئی نسل کے لیے بھی ایک روشن مثال قائم کرتی ہے۔ جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر (یوپی) کا علماء کی تکریم و اعزاز کا سلسلہ اسی مقصد کا ایک خوبصورت اظہار ہے، جو لائقِ ستائش اور لائقِ تقلید ہے۔ اس طرح کے اقدامات کو ملک بھر میں پھیلانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ علماءمیں عزتِ نفس اور حوصلہ پیدا ہو اور نوجوان علما دین کی خدمت کا جذبہ مزید پروان چڑھے۔ حالیہ دنوں میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی کے ناظم اعلیٰ مولانا شہاب الدین مدنی کی سرپرستی میں ایک پروقار اعزازی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سابق شیخ الحدیث، مرکزی دارالعلوم جامعہ سلفیہ بنارس کے مایہ ناز استاذِ تفسیر و ادیب مولانا عزیز الرحمن سلفی کی علمی، دعوتی، تصنیفی اور تنظیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے آبائی گاوں ٹکریا (پوسٹ کسمہی) میں جاکر ان کی عزت و تکریم کی گئی۔ مولانا عزیز الرحمن سلفی کو توصیفی ایوارڈ پیش کیا گیا، روایتی شال اوڑھائی گئی اور تہنیتی کلمات کے ساتھ نوازا گیا۔
تقریب کی نگرانی ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ذمہ داران نے کی۔ مولانا شہاب الدین مدنی نے اپنے خطاب میں مولانا عزیز الرحمن سلفی کی دینی زندگی، اخلاص، تواضع، استقامت اور دعوتی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عزیزالرحمن سلفی ان خوش نصیب علماءمیں سے ہیں جو خاموشی سے دین کی خدمت کرتے رہے، نہ شہرت کے طالب بنے نہ صلے کے خواہاں، بلکہ اللہ کے دین کو زندگی کا مقصد بنا لیا۔ تقریباً نصف صدی تک مختلف اداروں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے مولانا کے شاگرد آج دنیا بھر میں دینِ حنیف کی ترویج کر رہے ہیں۔ ضلعی جمعیت کے امیر مولانا محمد ابراہیم مدنی اور ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے بھی مولانا کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت اہل حدیث اپنے مخلص اور بے لوث کارکنان کی حوصلہ افزائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے تاکہ نئی نسل میں ایثار، قربانی اور دینی خدمت کا جذبہ منتقل ہو سکے۔ اس پروقار مجلس میں صوبائی ناظم اعلیٰ مولانا شہاب الدین مدنی، ضلعی امیر مولانا محمد ابراہیم مدنی، ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی، نائب ناظم مولانا سعود اختر سلفی اور مولانا فرید الدین فیضی شریک تھے۔آخر میں مولانا عزیز الرحمن سلفی نے مختصر مگر پراثر کلمات میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور صوبائی و ضلعی جمعیت کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "یہ اعزاز دراصل دینِ اسلام کی خدمت کا اعزاز ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ ہم سب کو اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے۔” یہ اقدام مولانا عزیز الرحمن سلفی کے شاگردوں، متعلقین اور جماعت کے ارکان کے لیے باعثِ مسرت و فخر بنا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ صوبائی و ضلعی جمعیت اہل حدیث کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے۔ آمین!

