نئی دہلی : ملک کے معروف عالمِ دین اور صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا ارشد مدنی کی سرپرستی میں قائم مولانا مدنی میموریل ایجوکیشن اینڈ لا کالج نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے قانون، تجارت اور پیشہ ورانہ تعلیم کے مختلف کورسز میں داخلوں کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں اہل اور باصلاحیت طلبہ کے انتخاب کے لیے 12 جولائی، بروز اتوار صبح 10:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک ملک بھر میں شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے تقریباً 100 امتحانی مراکز پر انٹرنس ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پانچ سالہ ایل ایل بی کورس کے لیے 50 نشستیں، تین سالہ ایل ایل بی کورس کے لیے 50 نشستیں جبکہ سی اے فاؤنڈیشن اور بی کام کے کورسز میں بھی داخلے جاری ہیں۔ ان کورسز کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ کو تعلیم کی تکمیل تک مفت رہائش، معیاری طعام، اعلیٰ تعلیمی سہولیات، بہترین تربیتی ماحول اور ہمہ جہت شخصیت سازی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عملی زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے سکیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر چئیرمین شاہیں گروپ آف انسٹی ٹیوشنس نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت قابل، باصلاحیت اور دیانت دار وکلاء، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور دیگر پیشہ ور ماہرین کی اشد ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ میدان میں آگے بڑھنے کے لیے یہ ایک غیر معمولی اور سنہری موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ موقع صرف عام طلبہ ہی کے لیے نہیں بلکہ علمائے کرام، حفاظِ کرام، مدارس سے فراغت حاصل کرنے والے طلبہ، گریجویشن مکمل کرچکے نوجوانوں اور ان تمام امیدواروں کے لیے بھی ہے جو اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ملک و ملت کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ خاص طور پر ایسے طلبہ جنہوں نے حال ہی میں اپنی تعلیمی قابلیت مکمل کی ہے، انہیں اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند اور شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے سابقہ تجربات اس بات کے شاہد ہیں کہ مناسب رہنمائی، معیاری تدریس اور مختصر تربیت کے ذریعے متعدد علماء اور مدارس کے فضلاء نے ملک کی ممتاز نیشنل لا یونیورسٹیز (NLUs) کے داخلہ امتحانات میں کامیابی حاصل کی اور قانونی تعلیم مکمل کرکے وکالت کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ اسی سلسلے میں مفتی جمیل جوہر ندوی (جھارکھنڈ)، مولانا سلمان پٹیل (گجرات)، مفتی محمد یعقوب شریف (بنگلورو) اور محمد عبداللہ ندوی سمیت کئی باصلاحیت طلبہ کی مثالیں پیش کی جاتی ہیں، جنہوں نے اعلیٰ قانونی تعلیم مکمل کرکے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ ملت اور ملک کے لیے بھی قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ادارے کی جانب سے ملک بھر کے علماء، ائمہ، مدارس، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں، والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس اہم تعلیمی مہم کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں اور اس پیغام کو ہر مستحق اور باصلاحیت طالب علم تک پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنی علمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ داخلے، رجسٹریشن اور انٹرنس ٹیسٹ سے متعلق مزید معلومات کے لیے امیدوار شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں یا اپنے قریبی امتحانی مرکز سے رابطہ کریں۔

