شاہ پور بلڈیہاں میں عظیم الشان اصلاحِ معاشرہ کانفرنس کا کامیاب انعقاد
گزشتہ شب مدرسہ دار التوحید، شاہ پور بلڈیہاں، ضلع سارن (چھپرہ) کے زیرِ اہتمام ایک روزہ عظیم الشان اصلاحِ معاشرہ کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت استاذِ محترم فضیلۃ الشیخ ارشد فہیم مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی۔ اس علمی و اصلاحی کانفرنس میں شرکت اور ’’حیا اور اسلام‘‘ کے اہم موضوع پر تقریباً نصف گھنٹے خطاب کرنے کا موقع ملا۔
اس پروگرام کی ایک نمایاں اور قابلِ ذکر بات سامعین کا غیر معمولی ذوق و شوق تھا۔ حاضرین ابتدا سے اختتام تک پوری یکسوئی اور دلچسپی کے ساتھ اپنی نشستوں پر موجود رہے اور مقررین کے علمی، اصلاحی اور فکر انگیز خطابات سے استفادہ کرتے رہے۔ آج کے دور میں جہاں طویل پروگراموں میں سامعین کی دلچسپی برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے، وہاں حاضرین کا آخر تک جمے رہنا منتظمین کی محنت اور پروگرام کی افادیت کا واضح ثبوت تھا۔
کانفرنس میں متعدد ممتاز اہلِ علم اور مقررین نے شرکت فرمائی، جن میں شیخ ثناء اللہ مدنی، شیخ جرجیس انصاری، شیخ پیغام عمری، شیخ توصیف مدنی، ڈاکٹر ناظر تیمی اور راقم الحروف شمشیر داؤد تیمی مدنی شامل تھے۔ تمام مقررین نے اپنے اپنے موضوعات پر مؤثر اور اصلاحی خطابات پیش کیے۔
اس موقع پر چار حفاظِ کرام کی دستار بندی بھی کی گئی اور مدرسے کے اساتذۂ کرام کی خدمات کے اعتراف میں ان کی عزت افزائی اور تکریم کی گئی، جو یقیناً ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔
اس پورے پروگرام کی ترتیب و تنظیم کی ذمہ داری مدرسہ دار التوحید کے مہتمم مولانا عبیداللہ سلفی نے بحسن و خوبی انجام دی۔ ان کی محنت، دلچسپی اور حسنِ انتظام قابلِ قدر ہے۔ پروگرام تقریباً سوا چار بجے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اللہ تعالیٰ مدرسہ دار التوحید کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، اس کے ذمہ داران، اساتذہ اور معاونین کی محنتوں کو قبول فرمائے، فارغ ہونے والے حفاظِ کرام کو قرآنِ کریم کا سچا خادم بنائے اور اس طرح کے علمی و اصلاحی پروگراموں کو معاشرے کی اصلاح و تربیت کا مؤثر ذریعہ بنائے۔ آمین۔


