Delhi دہلی

خاموشی اور آواز کی باہمی کشاکش اور اشتراک نے زبان کو جنم دیا: پروفیسر شافع قدوائی

خاموشی اور آواز کی باہمی کشاکش اور اشتراک نے زبان کو جنم دیا: پروفیسر شافع قدوائی
غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام دو روزہ قومی سمینار ’اردو ادب میں خاموشی بطور احتجاج کا افتتاح

رنگ و نور صوت و صدا سے آباد اس دنیا کی حقیقت خاموشی ہے، سکوت انسان کو ابدیت سے واقف کراتا ہے۔ عدم اظہار میں الوہیت کا ایک پہلو بھی ہے کہ حقیقت مطلق اسے چاہے جس نام سے یاد کیا جائے صدا و کلام سے ماورا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اردو کے ممتاز نقاد و ادیب پروفیسر شافع قدوائی نے ایوان غالب میں دو روزہ قومی سمینار ’اردو ادب میں خاموشی بطور احتجاج‘ کا کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا تمام صحائف اس بات پر متفق ہیں کہ کائنات کی تشکیل لفظ سے ہوئی کہ اس سے قبل ہر طرف سکوت تھا۔ خاموشی اور آواز کی باہمی کشاکش نے زبان کو جنم دیا۔ ادب کے مطالعے کی بہت سارے زاویے ہوسکتے ہیں جن میں اس زاویے کو بھی شامل کرنا اچھی پہل ہے۔ سمینار کا افتتاح معروف مورخ و ادیب پروفیسر ہربنس مکھیا نے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا احتجاج اگر بہ آواز بلند ہو تو اس کا علم سب کو ہو جاتا ہے لیکن اگر احتجاج خاموشی کے پیرائے میں ہو تو اس کو ہر شخص محسوس نہیں کرسکتا لیکن اس کا اثر اتنا ہی گہرا ہوتا ہے جتنی خاموشی گہری ہوتی ہے۔ اردو ادب کو کچھ ایسے سیاسی حالات کا سامنا کرناپڑا کہ اس میں خاموشی کو ایک موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت بہ نسبت دوسرے ادب کے زیادہ ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ غالب انسٹی ٹیوٹ نے اس موضوع کو مرکز میں رکھ کر مکالمہ قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے کی۔ انھوں نے کہا غالب انسٹی ٹیوٹ میں مسلسل اہم موضوعات پر سمینار منعقد ہوتے رہتے ہیں لیکن آج کے سمینار کا موضوع پہلے سے بالکل مختلف ہے۔ یہ مقالہ نگاروں کی آزمائش بھی ہے اور ایک اہم موضوع کی طرف پیش رفت بھی ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہ موضوع اتنا وسیع ہے کہ ایک سمینار میں سارے پہلو سامنے نہیں آسکتے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا انسانی تاریخ پر نظر کی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ انسان نے جبر کا بوجھ بہت دیر تک برداشت نہیں کیا، جبر کا جواب احتجاج ہوتا ہے اور اگر اسے موافق فضا میسر نہ آئے یا جبر کی گرفت سخت ہوتی جائے تو احتجاج کا سب سے موثر ذریعہ خاموشی ہوتی ہے ایسی خاموشی جس کا شور بلند ایوانوں کو بھی ہلا دیتا ہے۔ اردو ادب اور دنیا کے ہر ادب میں اس کی مثالیں موجود ہیں۔ بس ان سے گرد صاف کرنے کی دیر ہے اور اس خاموشی سے مکالمہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری کے ڈائرکٹر پروفیسر زاہد الحق نے افتتاحی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی انھوں نے کہا مجھے اس بات کی سب سے زیادہ خوشی ہوئی کہ غالب انسٹی ٹیوٹ نے مذاکرے کے لیے ایک منفرد موضوع کا انتخاب کیا۔ احتجاج صرف منفی نہیں ہوتا بلکہ اگر خاموش احتجاج ہو تو اس میں تعمیر کی فکر زیادہ ہوتی ہے کیونکہ وہ اپنے اقتدار کے لیے نہیں ہوتی بلکہ مثبت تبدیلی کے لیے ہوتی ہے۔ ادب اظہار سے زیادہ اخفا کا عمل ہے ساری استعارے، علامتیں یہیں سے نمو پذیر ہوتے ہیں۔ افتتاحی اجلاس میں علم و ادب سے وابستہ اہم شخصیات موجود تھیں۔ سمینار کے تکنیکی اجلاس کل 14؍ نومبر کو صبح 10بجے سے شام 5؍ بجے تک ہوں گے جس میں پروفیسر شریف حسین قاسمی، پروفیسر اختر الواسع اور ڈاکٹر خالد علوی بطور صدر اور پروفیسر قاضی عبید الرحمن ہاشمی، پروفیسر ارتضیٰ کریم، پروفیسر عاصم صدیقی، پروفیسر مظہر احمد، ڈاکٹر معصوم مراد آبادی، پروفیسر شیخ عقیل احمد، پروفیسر اسلم جمشید پوری، پروفیسر محمد کاظم، پروفیسر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر ارشد القادری، ڈاکٹر نوشاد عالم، ڈاکٹر محمد مستمر، ڈاکٹر نورین علی حق اور ڈاکٹر آصفہ زینب بطور مقالہ نگار شرکت کریں گے ۔
تصویر میں دائیں سے: پروفیسر شافع قدوائی، ڈاکٹر ادریس احمد، پروفیسر ہربنس مکھیا، پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی، ڈاکٹر زاہدالحق

Related posts

ہیرا گروپ آف کمپنیز و سی ای او ڈاکٹر نوہیرا شیخ پر

Paigam Madre Watan

آٹھ سال سخت جی ایس ٹی کے بعد تبدیلیاں کہیں مودی حکومت کے اختتام کا شاخسانہ تو نہیں

Paigam Madre Watan

AIMEP graciously champions initiatives in the realm of Scholarships and Grants, devoted to nurturing parity in education : Dr. Nowhera Shaikh

Paigam Madre Watan