ڈاکٹر شھاب الدین مدنی
مملکت سعودی عرب اپنی دینی خدمات کی وجہ سے ہر مسلمان کے دل میں مقام ومرتبہ رکھتی ہے، ہر کار خیر میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو شریک کرتی ہے، مختلف پروگراموں میں شراکت وحصہ داری کے ذریعہ آپسی محبت ورابطہ کاری پر زور دیتی ہے تاکہ کسی کو احساس محرومی نہ ہو. ہمارا ملک نیپال بھی اس مملکت کی فیاضی سے ہمیشہ مستفید ہوتا رہاہے، مملکت سعودی عرب نے اپنی خاص عنایت وکرم فرمائی میں کبھی بھی ہمارے ملک نیپال کو فراموش نہیں کیا، ملک نیپال کی حالت جو بھی رہی ہو اور سرکار کسی کی بھی رہی ہو مملکت کا تعاون برابر کسی نہ کسی سطح پر جاری رہا، ابھی کچھ ہی پہلے زراعت کے شعبہ میں عدیم النظیر امداد سے ملک نیپال کو نوازا ہے، دینی شعبہ جات میں تعاون کی فہرست بہت لمبی ہے، مملکت کے اخراجات پر اس مرتبہ ایک عظیم مثالی کارنامہ انجام پانے جارہا ہے، پہلی بار بڑے پیمانے پر ہمارے ملک نيپال میں حفظ قرآن کا تاریخی مسابقہ ہونے جارہاہے جس میں گرانقدر انعامات بھی ہیں، گاہے بہ گاہے مختلف جہتوں سے حفظ قرآن کا انعامی مسابقہ منعقد ہوتارہا ہے مگر اس طرح کا مسابقہ اپنی نوعیت کا بالکل منفرد اور خاص ہے، مسلم آیوگ جیسے ایک باوقار پلیٹ فارم کے ذریعہ ملکی سطح کا انعامی مقابلہ کروایا جارہاہے جس کے تمام تر اخراجات اور مالی ذمہ داری مملکت سعودی عرب کے ذمہ ہے.
بعض علم دوست نے نیپال کی زیارت کے دوران محسوس کیا کہ لڑکیوں میں حفظ قرآن کا رجحان نہ کے برابر ہے اس لئے ان کی دلچسپی کے لئے صرف دو پارہ انتیس اور تیس والے فرع میں انہیں شرکت کا بھر پور موقع دیا ہے محض یہی نہیں بلکہ ان کے لئے انعام بہت ہی خاص اور حوصلہ افزا رکھا ہے. اہل وطن سے دلی گزارش واپیل ہے کہ اس گرانقدر انعامی مقابلہ کو ہر ممکن سطح پر کامیاب بنائیں اور اپنے بچوں کو ضرور شرکت کا موقع دیں ان کی شرکت کے لئے ہر طرح کی سہولت کاری کریں اور ہر طرح کی سہولت دیں.
ہم شکر گزار ہیں مملکت سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزيز آل سعود اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے جن کی عنایت وکرم فرمائی ہم نیپالی مسلمانوں پر پورے تسلسل سے جاری ہے. ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ ان سب کی حفاظت فرمائے دشمنوں کے مکر وفریب، حاسدوں کے حسد سے محفوظ رکھے.
اس سپاس میں دینی امور کی وزارت کے روح رواں اسلامی دنیا کی سرگرم قابل اعتبار شخصیت ڈاکٹر عبد اللطیف آل شیخ کو ہرگز نہیں بھول سکتے، اللہ ان کی ہر نیک مراد پوری کرے.
اسی طرح ہم اپنے محسن اور دعوتی پروگرام وامور کو مہمیز دینے والے شیخ بدر بن ناصر العنزی، شیخ عبد اللطيف الكاتب اور ہردلعزیز سفیر ابو حیمد کے شکر گزار ہیں سب کے سب شکر وسپاس کے حقدار ہیں اللہ انہیں ان کی کاوش ومحنت کا اچھا صلہ دے.