علاقہ جیت پور اور قرب وجوار کے درجنوں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کی شرکت
نئی دہلی:جنوبی دہلی میں واقع مایہ ناز تعلیمی ادارہ اقرا انٹرنیشنل اسکول میں دو روزہ مسابقہ قرآن کریم اور حفظ ادعیہ ماثورہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیرہوا جس میں علاقہ جیت پور و قرب و جوار کی مساجد میں قائم صباحی و مسائی مکاتب،دیگر تعلیمی دانش گاہوں،اسلامی مدارس اورعصری اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے علاوہ دیگرمرد و خواتین نے بھاری تعداد میںشرکت فرماکر قرآن پاک کے تعلق سے اپنی الفت و محبت اور وارفتگی کا ثبوت فراہم کیا اور تلاوت کلام پاک اور حفظ ادعیہ ماثورہ کے اس شاندار مسابقہ میں حاضری درج کراکر تلاوتِ کلام پاک کے نمونے پیش کئے۔پریس ریلیز کے مطابق یہ پروگرام تین زمروں میں منعقد تھا جس میں کہنہ مشق قرائے کرام اورخوش الحان اور معتبر حفاظ عظام کی خدمات بطور حکم حاصل کی گئی تھیں۔ زمرہ اول مدارس کے طلبہ کے لئے خاص تھا، زمرۂ دوم میں اسکولی طلبہ و طالبات اور مکتب کے ننہے منہے شاہین صفت طلبہ نے شرکت کی جبکہ زمرہ سوم مرد و خواتین کے لئے عام تھا۔اس مسابقہ کے اختتام کے موقع پر اختتامی پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں متعدد علمی، تعلیمی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی اوراس پروگرام کے انعقاد پر اپنی دلی خوشی اور قلبی فرحت کا اظہار کیا اور کہا کہ یقینی طور پر نئی نسل کو قرآن کریم سے جوڑنے کے لئے اس طرح کے مسابقوں اور پروگراموں کے انعقاد کی سخت ضرورت ہے تاکہ مادیت کے دور میں انسانیت کا رشتہ دستورِ علم و آگہی اور کتابِ ہدایت سے استوار کیا جاسکے۔پریس ریلیز کے مطابق اقرا انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے اخبار کے نام جاری اپنے بیان میں کہا کہ اقرا انٹرنیشنل اسکول، جیت پور میں اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کا مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ ہم عام مسلمانوں کا رشتہ کتابِ الٰہی سے جوڑسکیں، تاکہ ہم مسلمان اس کتابِ ہدایت کی عظمت کو سمجھ سکیں کیونکہ یہ کتابِ ہدایت پوری دنیائے انسانیت کے لئے سامانِ رشد و ہدایت ہے، اس میں دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔یہ کتاب مقدس پوری انسانیت کو آپسی بھائی چارگی، میل ملاپ، ایک دوسرے کے حقوق سمجھنے اور برتنے اور ملک و ملت کی صحیح ہمدردی رکھنے کی تلقین کرتی ہے۔اس اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسابقہ کے کنوینر قاری عبدالرحمن ثاقبی نے مختصر الفاظ میں معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم کی تعلیمی کارکردگی اور حصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔اس پروگرام میں حکم صاحبان کی نمائندگی کرتے ہوئے قاری محمد عرفان تیمی نے اس مسابقہ کے انعقاد پر ادارہ کے بانی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی اور اس کے ڈائریکٹر مولانا اظہر مدنی حفظہما اللہ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ان شاء اللہ اس طرح کی کوششیںبہت ثمر آور ہوں گی اور یہ مسابقے ادارے اور سماج و معاشرہ دونوں پر مثبت نتائج چھوڑیں گے۔اختتامی پروگرام میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں مولانا محمدبن خورشید مدنی،ماسٹر اشفاق احمد، سعیدالرحمن نورالعین سنابلی،وسیم احمد ریاضی، حکیم محمد احمد، رضی خان، عبدالمتین، عبداللہ سلفی، حافظ محمد خالداور معین احمد صاحبان اہم اور قابل ذکر ہیں۔