نئی دہلی , شمال مشرقی ضلع کی ڈاکٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جا نب سے سب ڈویژن بھجن پورہ کے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس چندرکانتا اور جعفرآباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سریندر سنگھ کا جعفرآباد جنت بینکویٹ ہال میں شاندار استقبال کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سید احتشام نے تنظیم کی جانب سے پولیس افسران کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنظیم ہمیشہ ہیلتھ سروسز کے ذریعے معاشرے کی خدمت کرتی ہے بلکہ معاشرے میں امن برقرار رکھنے اور جان لیوا بیماریوں سے بچنے کے لئے بیداری لاتی ہے اورمعلومات فراہم کرتی ہے۔ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر فہیم بیگ نے کہا کہ دہلی کی ڈاکٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن اپنے دسویں سال میں داخل ہو رہی ہے اور ان ۱۰ سالوں میں ہماری تنظیم نے معاشرے اور عوام کو صحت، حفاظت اور تحفظ فراہم کرنے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال تنظیم کے سابق صدر ڈاکٹر سبحان احمد ہیں جنہوں نے کورونا کے دور میں عوام کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ فخر کی بات ہے کہ ایک ایسے دور میں جہاں بڑے بڑے کنسلٹنٹ پنجروں میں بند تھے اور زیادہ تر لوگوں کا آن لائن علاج کر رہے تھے ہماری تنظیم کے ۱۰۰سے زیادہ ممبران زندگی بچانے کے لیے زمین پر آف لائن کام کر رہے تھے۔ انجمن کے خزانچی ڈاکٹر خورشید نے کہا کہ تنظیم اپنا 10واں سال مکمل کر رہی ہے اور ہم اسے زیادہ سے زیادہ وسعت دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈاکٹرز شامل کر کے سرکاری ا سکیموں کو عوام تک پہنچانے کا کام کیا جا سکے۔ عوام کی صحت کے مسائل حکومتوں تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ سیکریٹری ڈاکٹر کامران نے اپنا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ہم اس تنظیم کے ساتھ مل کر قانونی مشیر ٹیم بھی بنائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کے قانونی مسائل سے نمٹا جا سکے۔ ڈاکٹر جمال نے اے سی پی اور ایس ایچ او صاحب اپیل کی کہ وہ معاشرے میں ہونے والے جرائم کے بارے میں معلومات رکھیں اور بنیادی طور پر نوجوانوں میں منشیات کی عادت کو روکنے کے لیے روک تھام کی درخواست کی۔ ڈاکٹر سلیم وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ایڈیشنل پولس کمشنر چندرکانتا نے سب کے خیالات سننے کے بعد کہا کہ آپ نے ہمیں یہاں جو عزت بخشی ہے اس کے لیے ہم آپ کے شکر گزار ہیں، اس کے علاوہ آپ سب ہمارے آنکھ، کان اور ہاتھ ہیں جس طرح آپ لوگوں کی صحت کی حفاظت کرتے ہیں اسی طرح ہم بھی ہیں۔ معاشرے میں سیکورٹی اور جرائم پر قابو پانے کے لیے اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں، آج اس موقع پر میری آپ سب سے گزارش ہے کہ معاشرے کے امن کو برقرار رکھنے اور کسی بھی جرم کی روک تھام کے لیے اکٹھے ہوں، کسی بھی مشکوک صورتحال کے بارے میں ہمیں بتائیں تاکہ ہم مل کر ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں اور ہم آپ کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل پر فوری ایکشن لیں گے اور متعلقہ حکام کو آگاہ کریں گے۔ ایس ایچ او سریندر سنگھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کا شکریہ ادا کیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا سیکورٹی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر خورشید احمد، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر ناصر، ڈاکٹر لئیق، ڈاکٹر صابر، ڈاکٹر کاظم وغیرہ نے بھرپور تعاون کیا۔اہم شرکا میں پروگرام میں ڈاکٹر فاروق سیفی، ڈاکٹر نسیم احمد، ڈاکٹر مناظر قاسمی، ڈاکٹر اسلام الدین، ڈاکٹر اسلم، ڈاکٹر فرید، ڈاکٹر معین سیفی، ڈاکٹر سمیع احمد، ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈاکٹر عالم قریشی، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر اسی انصاری، ڈاکٹر اسرار انصاری،ڈاکٹر شہروز، احمد، ڈاکٹر ریاض، ڈاکٹر شارق، ڈاکٹر رفیع، ڈاکٹر اقرار وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
Related posts
Click to comment