انوار الحق قاسمی
شان رسالت مآب میں سابق جج کمل نرائن داس کی طرف سے توہین آمیز کلمات کے تازہ ترین معاملہ کو لے کر ان دنوں پورا نیپال سراپا احتجاج بنا ہواہے۔ جمعیت علمائے نیپال اس میں خاصی متحرک نظر آرہی ہے۔ آج بروز منگل(16/اپریل 2024ء) ضلع روتہٹ نیپال کے صدرمقام گئور میں گستاخ کمل نرائن داس کے خلاف جمعیت علمائے روتہٹ نیپال کے بینر تلے،مسلمان اپنی ایک کثیر تعداد کے ساتھ سخت مظاہرے کیے ہیں اور پرشاسن کاریالیے میں ‘سی ڈی او’کے پاس ایک میمورنڈم بھی پیش کیے ہیں ۔ جس میں کمل نرائن داس کو فوری گرفتار کرنے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیاہے۔ اس موقع سے جمعیت علمائے نیپال کے ذمے داران: مولانا محمد حنیف عالم مدنی،مولانا محمد شفیق الرحمن قاسمی ،مولانا محمد عزرائیل مظاہری،مولانا محمد شوکت مدنی،مولانا محمد خیر الدین مظاہری، مولانا محمد جواد عالم مظاہری ، مولانا محمد عبد الخالق قاسمی،قاری محمد شہاب الدین عرفانی،مولانا محمد اسلم جمالی قاسمی نے مشترکہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ: سابق جج کمل نرائن داس نے ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ عالی میں توہین آمیز کلمات نوشت کرکے ہمیں سخت کلفت و گزند پہنچایا ہے۔ ذمے داران جمعیت نے مزید یہ کہاہے کہ نیپال حکومت سے گستاخ کے خلاف ہم سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں،اورہم یہ اپنا مطالبہ اس وقت تک جاری رکھیں گے،جب تک حکومت اس کے خلاف سخت کارروائی نہ کرلے۔